آزمائش

مکمل کتاب : نُورِ ہدایت

مصنف : آصف جاوید عظیمی

مختصر لنک : https://iseek.online/?p=46023

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیۡمِ
وَلَنَبْلُوَنَّكُمْ بِشَیۡءٍ مِّنَ الْخَوۡفِ وَالْجُوۡعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الۡاَمۡوَالِ وَالۡاَنۡفُسِ وَالثَّمَرٰتِ ؕ وَبَشِّرِ الصّٰبِرِیۡنَ ﴿۱۵۵﴾ۙ
ترجمہ: اور ہم کسی قدر خوف اور بھوک اور مال اورجانوں اور میووں کے نقصان سے تمہاری آزمائش کریں گے اور صبر کرنے والوں کو بشارت سنا دو۔
And surely We shall try you with something of fear and hunger, and loss of wealth and lives and crops; but give glad tidings to the steadfast,
سلاسلِ طریقت کے ساتھ وابستہ تمام اراکین کو چاہیئے کہ وہ ظرف میں وسعت اور گہرائی کے لئے مسلسل کوشش کرتے رہیں ۔کسی بھی سلسلہ کے ذمّہ داران کو اِس کام کے لئے دوسروں کی نسبت زیادہ کوشش کرتے رہنے کی ضرورت ہے۔ اِس مقصد کے حصول کے لئے یعنی اپنے ظرف کو سمجھنے اور اعلیٰ ظرفی کے لئے ضروری ہے کہ اپنے نفس پر کنٹرول کرنا سیکھا جائے ۔اِنسانی نفس خرابیوں کی طرف تیزی سے مائل ہوتا ہے۔انا پرستی،خود غرضی ،لالچ ، تکبر، دولت اور اقتدار کی حرص اِنسان کو اعتدال سے ہٹا کر سیدھے راستے سے بھٹکا دیتی ہے۔ نفس کی بے جا خواہشات سے مغلوب ، حق اور نا حق کا خیال نہیں رکھتا۔وہ اپنی ذات کی پرستش میں ،اپنی خواہشات کے حصار میں ہی بند رہتا ہے ۔اعلیٰ ظرفی کئی صفات سے مل کر وجود میں آتی ہے۔اعلیٰ ظرفی کا ایک مطلب ہے نفس کی مندرجہ بالا خرابیوں پر قابو پانا۔
زندگی کے سفر میں ہر اِنسان اپنے لئے کامیابیوں کا متمنی ہوتا ہے ۔کامیابیوں کے لئے محنت کرتا ہے،اور کامیابی ملنے پر خوش بھی ہوتا ہے۔کامیابی پر خوش ہونا فطری ہے۔ لیکن بعض لوگ کامیابی پر پھولے نہیں سماتے ۔اس خوشی میں خود کو معزز اور پیچھے رہ جانے والوں کو کمتر سمجھتے ہیں۔اسی طرح زندگی میں کبھی ناکامی کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔ ناکامی کی صورت میں افسردہ ہونا بھی فطری ہے۔ لیکن بعض لوگ ناکامی پر ڈپریشن اور مایوسی میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ ایسے بعض لوگ خود کو مظلوم سمجھتے ہوئے اپنے سامنے کامیاب ہونے والوں سے مخاصمت حتیٰ کہ کچھ لوگ حسد میں بھی مبتلا ہو جاتے ہیں۔اعلیٰ ظرفی کا ایک مطلب یہ بھی ہے کہ کامیابی اور ناکامی دونوں صورتوں میں اپنے جذبات پر قابو رکھنا اور دوسروں کی عزّت اور دوسروں کے حقوق کا خیال رکھنا۔اِنسان کی زندگی میں کبھی مشکلات اور کبھی رکاوٹیں بھی آسکتی ہیں ۔کسی نظریہ یا مشن سے وابستہ لوگوں کو خود ان کی اپنی صفوں میں موجود بعض مفاد پرست عناصر کی طرف سے یا بیرونی مخالف افراد کی جانب سے کبھی لالچ یا کبھی خوف کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔اس لالچ یا خوف سے متاثر نہ ہونا یا ایسی ترغیب یا تعزیر کے سامنے ثابت قدم رہنا بھی اعلیٰ ظرفی کا اظہار ہے۔اور وہ لوگ جو راہ حق پر چلنے والوں کو بھٹکانے کی کوشش کرتے ہیں ۔ ایسے لوگوں کے بارے میں قُرآن پاک آگاہ کرتا ہے کہ:
اُولٰٓئِکَ الَّذِیۡنَ اشْتَرَوُا الْحَیٰوۃَ الدُّنْیَا بِالۡاٰخِرَۃِ ۫
یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے آخرت کے بدلے دنیا کی زندگی خریدی۔ (سورہ بقرہ ، پارہ 1، آیت 86)
مختلف مخالفانہ حالات میں کسی نقصان کی صورت میں کسی قریبی یا عزیز ترین ہستی کی جدائی کی صورت میں صبر کا دامن تھامے رکھنا اور اللہ تعالیٰ کی مرضی پر راضی رہنا بھی اعلیٰ ظرفی ہے۔ اور یہ اعلیٰ ظرفی اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے نزول کا ذریعہ بنتی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے۔
وَلَنَبْلُوَنَّكُمْ بِشَیۡءٍ مِّنَ الْخَوۡفِ وَالْجُوۡعِ وَنَقْصٍ مِّنَ الۡاَمۡوَالِ وَالۡاَنۡفُسِ وَالثَّمَرٰتِ ؕ وَبَشِّرِ الصّٰبِرِیۡنَ ﴿۱۵۵﴾ۙ الَّذِیۡنَ اِذَاۤ اَصَابَتْہُمۡ مُّصِیۡبَۃٌ ۙ قَالُوۡۤا اِنَّا لِلہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ ﴿۱۵۶﴾ؕ اُولٰٓئِکَ عَلَیۡہِمۡ صَلَوٰتٌ مِّنۡ رَّبِّہِمْ وَرَحْمَۃٌ ۟ وَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الْمُہۡتَدُوۡنَ ﴿۱۵۷﴾
اور ہم کس قدر خوف اور بھوک اور مال اور جانوں اور میووں کے نقصان سے تمہاری آزمائش کریں گے اور صبر کرنے والوں کو بشارت سنا دو۔ کہ ان لوگوں پر جب کوئی مصیبت واقع ہوتی ہے تو وہ کہتے ہیں کہ ہم اللہ ہی کا مال ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں ۔یہی وہ لوگ ہیں جن پر ان کے پرور دگار کی عنایتیں ہیں اور خصوصی رحمت بھی ہے اور یہی سیدھے راستے پر ہیں۔
(سورہ بقرہ ،پارہ 2، آیت 155 تا 157)
مرید کا اعلیٰ ظرف ہونا خود اس کے لئے بھی باعثِ سعادت اور رحمت ہے۔ ایسا بندہ سلسلہ طریقت سے ملنے والی تربیّت سے خوب بہرہ مند ہوتا ہے اور جو لوگ اپنے ظرف کو اعلیٰ ظرف بنانے میں مرشد کی کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیتے ، وہ رُوحانی تربیّت کے ابتدائی مرحلوں میں ہی پیچھے رہ جاتے ہیں۔

حوالہ جات:
1۔ کتابچہ “سلسلہ عظیمیہ کی تعلیمات” اَز ڈاکٹر وقّار یوسف عظیمی ، موضوع ظرف، صفحہ نمبر 18 تا 19

یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 74 تا 75

سارے دکھاو ↓

براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔

    Your Name (required)

    Your Email (required)

    Subject (required)

    Category

    Your Message (required)