زلزلے اور آفات کی وجوہات

مکمل کتاب : وقت؟

مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی

مختصر لنک : https://iseek.online/?p=19831

روحانیت ایک علم ہے!…… جو مادی آنکھ سے نظر نہیں آتا……
روحانیت پڑھائی جاتی ہے…… لیکن کاغذ اور قلم سے نہیں……
روحانیت تھیوری کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل بھی ہے…… لیکن پریکٹیکل کیلئے بظاہر کوئی لیب نہیں ہے……
روحانیت ایک مکمل تجرباتی علم ہے……
اس Knowledgeکے حصول کے لئے لیبارٹری انسٹرومنٹس، مائکرواسکوپ، گیس ہیٹر، فنل، جار، اسپرٹ اور دوسرے کیمیکلز کا سہارا نہیں لیا جاتا……

ہم جب یہ کہتے ہیں کہ روحانیت ایک نادیدہ مربوط علم ہے تو اس سے مراد یہ ہے کہ یہ علم انسانی شعور سے مارواء ہے…… لیکن انسانی شعور اسے سمجھتا ہے اور کسی حد تک بیان کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے……
انسان دنیوی علوم سیکھ کر تجربہ کرتا ہے…… اور تجربہ کی بنیاد پر نئے نئے فلسفے بنتے ہیں…… اسی طرح روحانی انسان شعوری حدوں سے گزر کر لاشعور میں داخل ہونے کے بعد علم سیکھتا ہے…… اور مشاہدات کی بنیاد پر اسے یقین حاصل ہو جاتا ہے کہ ہر انسان میں دیکھنے، سمجھنے، محسوس کرنے اور مفہوم اخذ کرنے کی دو صلاحیتیں ہیں……
ہر صلاحیت ایک حواس ہے…… یعنی صلاحیت اور حواس دونوں لازم و ملزوم ہیں……
ہمارے حواس ہر چیز کو مادی آنکھ سے دیکھتے ہیں…… لیکن دیکھتے اور سمجھتے وقت ہم اس بات کو فراموش کر دیتے ہیں کہ مادی حواس تغیر و تبدل کا ایک پورا نیٹ ورک ہے……

ایک آدمی بغیر عینک کے دھوپ کو سفید دیکھتا ہے…… وہی آدمی جب نیلے رنگ کی عینک لگا لیتا ہے تو اسے دھوپ اور ہر سفید چیز نیلی نظر آتی ہے……
نیلے گلاسز اتار کر جب وہی انسان سرخ رنگ گلاسز کی عینک لگاتا ہے تو اسے وہ سفید چیز جو نیلی نظر آ رہی تھی سرخ نظر آتی ہے…… اور جب وہ عینک اتار کر دیکھتا ہے تو وہی چیز جو نیلی اور سرخ نظر آ رہی تھی، اس کو سفید نظر آتی ہے……
یہ اس بات کی علامت ہے کہ حواس جو کچھ دکھا رہے ہیں ان کی حقیقت تغیر کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔
ہر انسان کے دو وجود یا دو جسم ہیں…… ایک وجود جو ہمیں نظر آتا ہے…… وہ کہتا ہے کہ میں بااختیار ہوں…… لیکن اسی وجود کو اگر پیاس نہ لگے تو پانی نہیں پیتا…… اگر بھوک نہ لگے تو کھانا نہیں کھاتا……
اس کا مطلب یہ ہوا کہ مادی وجود کے علاوہ جو جسم یا وجود ہے وہ ہمیں بتاتا ہے کہ پانی پیو!…… اور کہتا ہے کہ کھانا کھاؤ…… چھپے ہوئے جسم کی معرفت اگر ہمیں پیاس اور بھوک کا احساس منتقل نہ ہو تو ہم کھانا نہیں کھا سکتے، پانی نہیں پی سکتے، مفہوم یہ ہے کہ ہمارا مادی وجود تابع ہے باطنی وجود کے…… اور جب باطنی وجود مادی وجود سے رشتہ منقطع کر لیتا ہے تو بھوک پیاس کی اطلاع ہمیں نہیں ملتی……
قانون یہ بنا کہ مادی وجود کھانا نہیں کھاتا، پانی نہیں پیتا…… اگر مادی وجود کھانا کھاتا ہے یا پانی پیتا ہے تو مرنے کے بعد بھی اسے کھانا پینا اور چلنا پھرنا چاہئے……
جس طرح ہر انسان کے دو وجود یا جسم ہیں اسی طرح کائنات میں موجود ہر مخلوق کے دو وجود ہیں……
زمین بھی ایک مخلوق ہے!…… اس کے بھی دو وجود یا دو جسم ہیں۔
جس طرح مادی وجود میں مختلف گیسز کا عمل دخل ہے…… یا مادی وجود کی وریدوں اور شریانوں میں خون دوڑ رہا ہے…… اسی طرح زمین کے مادی وجود میں بھی گیسز کا براہ راست عمل دخل ہے اور زمین کی وریدوں اور شریانوں میں بھی انرجی، توانائی اور پانی دوڑ رہا ہے……

ہمارا دوسرا جسم لاشعور!…… جب زمین کو دیکھتا ہے تو زمین پپیتے کی طرح نظر آتی ہے، گیند کی طرح نظر نہیں آتی…… لاشعور دیکھتا ہے کہ زمین کے اوپر جو آبادیاں ہیں…… وہ مستقل نہیں ہیں…… ہر وقت ان میں تغیر واقع ہوتا رہتا ہے……
لاشعور دیکھتا ہے کہ پپیتے کی طرح زمین پر گول کڑوں (Ring) کی طرح پہاڑ ہیں…… گول کڑوں (Ring) کی طرح پہاڑوں نے زمین کو اپنی گرفت میں لیا ہوا ہے…… زمین مسلسل محوری اور طولانی گردش میں سفر کر رہی ہے…… اس گردش کو پہاڑ کے گول کڑے کنٹرول کرتے ہیں…… یہ پہاڑ میخوں کی طرح زمین میں گڑے ہوئے ہیں……

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں……
’’بھلا کیا نگاہ نہیں کرتے اونٹوں کی تخلیق پر…… اور آسمان پر کیسا بلند کیا…… اور پہاڑ پر کیسے کھڑے کئے ہیں…… اور زمین پر کیسی صاف بچھائی”
(سورۃ الغاشیہ۔ آیت 17-20)
’’کیا ہم نے زمین کو فرش نہیں بنایا…… اور پہاڑوں کو میخیں نہیں بنایا‘‘……
(سورۃ النباء۔ آیت6-7)

ہم نے جب ٹی وی، ریڈیو اور دوسرے ذرائع سے یہ خبر سنی کہ اسلام آباد، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مظفر آباد، بالا کوٹ، باغ اور مضافاتی قصبات میں بھونچال آ گیا ہے اور ہر طرف تباہی پھیل گئی ہے…… پورے پورے شہر صفحۂ ہستی سے مٹ گئے ہیں…… محلات اور مکانات زمین بوس ہو گئے ہیں…… ان محلات اور مکانات میں موجود قیمتی اشیاء، زر و جواہر اور مکین ملبے میں دب گئے ہیں…… ہر طرف آہ و بکا ہے…… شور وغل ہے…… زندگی ڈوب گئی ہے…… موت رقص کر رہی ہے…… مائیں بچوں سے جدا ہو گئیں…… بچے ماں باپ سے محروم ہو گئے……
یہ خبر سن کر آنکھیں پھیل گئیں…… جسم لرزنے لگا…… دل ڈوب ڈوب گیا……
زندہ بستیوں میں بھی خوف کا سناٹا چھا گیا…… اس وحشت ناک خبر سے حواس گُم ہو گئے…… شعور ٹوٹ گیا…… اور ایک مدہوشی کی کیفیت طاری ہو گئی…… سیکنڈوں منٹوں میں آباد شہر ویران ہو گئے…… زمین بنجر بن گئی…… پہاڑ ٹوٹ کر بکھر گئے…… اور زمین نے انہیں بے یار و مددگار چھوڑ دیا…… آسمان اتنا زیادہ رویا کہ زمین دریا بن گئی……
دماغ میں اسپارک ہوا کہ کسی ایسے آدمی سے رابطہ کیا جائے جو اپنے باطنی وجود کے ساتھ ساتھ زمین کی زندگی سے بھی واقف ہو……
تلاش ایک عمل ہے جس کا نتیجہ حصول ہے…… بالآخر ایک ایسے بندے سے ملاقات ہوئی جو حیات و ممات کے رموز سے واقف ہے……
بہتی آنکھوں…… روتے دل…… پاش پاش جگر…… اور غمزدہ حواس کے ساتھ اس بندے سے پوچھا کہ یہ سب کیا ہے؟…… کیسے ہو گیا؟……
اللہ تعالیٰ کی اتنی مخلوق زیر زمین نہیں برزمین موت کی نیند سو گئی…… درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے…… جانور مر گئے…… آبشاروں اور چشموں نے راستے تبدیل کر لئے…… پہاڑوں میں دراڑیں آ گئیں…… دیکھتے ہی دیکھتے روشنیاں تاریک ہو گئیں…… زندگی موت بن گئی…… اور موت تعفن میں تبدیل ہو گئی……
آخر یہ سب کیوں ہوا؟…… کیسے ہوا؟……
اس بندے نے بتایا کہ …… میں نے زمین سے سوال کیا……
اے ماں!……
تو نے ہمیں پیدا ہونے کے بعد سہارا دیا…… تو نے ہر قسم کے وسائل فراہم کئے…… ہمارے آسائش و آرام کیلئے تو نے ہمیں وہ سب کچھ دیا…… جس کی ہمیں ضرورت تھی……
اے زمین تو نے ہمیں کھانے کیلئے پھل دیئے…… اپنی کوکھ سے ہمارے لئے اناج اگایا…… ہم اٹھنے بیٹھنے کے قابل نہیں تھے تو نے ہمیں طاقت اور توانائی عطا کی……
ہم تیری پشت پر دندناتے پھرتے رہے اور تو نے سب کچھ برداشت کر کے ہمیں پروان چڑھایا…… ہم جوان ہوئے…… اور تیری کوکھ سے غذا اور توانائی حاصل کر کے ہم نے شادیاں کیں…… ہمارے بچے ہوئے…… وہ بچے بھی تو نے پروان چڑھائے……
اے ہماری ماں زمین!……
تو اتنی اچھی ہے کہ تو نے ہماری گندگی اور تعفن کو بھی سمیٹ کر اپنے اندر چھپا لیا اور ہمیں مرنے کے بعد بھی بے آبرو نہیں ہونے دیا……
پھر یہ سب کیوں ہوا؟……
تو نے کیوں اپنے آپ کو الٹ دیا…… کیوں تو نے اپنی بانہیں اس طرح کھول دیں کہ ہم تیرے بچے تیری آغوش میں آرام پانے کے بجائے تیرے اندر غرق ہو گئے……
زمین نے جب یہ بات سنی تو زمین رونے لگی……
ہچکیاں بندھ گئیں…… ہچکولے کھانے لگی…… اور اس نے کہا……

اے میرے بچو!
میں بھی تمہاری طرح کا ایک وجود ہوں…… جس طرح تمہارے دو دجود ہیں اسی طرح میرے بھی دو وجود ہیں…… جس طرح تمہارے جسم پر پھوڑے پھنسیاں نکلتی ہیں…… اور جس طرح تمہارے جسم پر سرانڈ پھیل جاتی ہے اور جس طرح تمہارے جسم زہریلے ہو جاتے ہیں…… اسی طرح میرے ظاہر وجود میں بھی تمہارے برے اعمال سے…… خود غرضی سے…… حق تلفی سے…… اللہ تعالیٰ اور اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی نافرمانی سے…… اور دولت پرستی سے داغ پڑ گئے ہیں…… زخم ناسور بن گئے ہیں…… جب ایسا ہوا تو میں بیمار ہو گئی……

میرے بچو!……
یہ دنیا Frequencyکے نظام پر چل رہی ہے……
فریکوئنسی سے مراد Vibrationہے…… وائبریشن انسان میں بھی ہے…… وائبریشن درختوں میں بھی ہے…… پہاڑ بھی وائبریشن پر قائم ہے…… اور میں بھی وائبریشن کی پابند ہوں……
وائبریشن میں اعتدال ہوتا ہے تو ہر چیز ٹھیک ٹھیک چلتی ہے اور جب وائبریشن میں خلل واقع ہو تو ہر چیز بے ہنگم ہو جاتی ہے…… وائبریشن ضرورت سے زیادہ کم ہو جائے تو جمود طاری ہو جاتا ہے…… وائبریشن ضرورت سے زیادہ بڑھ جائے تو تباہی پھیل جاتی ہے……
بربادی زمین پر اپنا ڈیرہ جما لیتی ہے……
دنیا میں کہیں بھی کوئی حادثہ پیش آتا ہے…… وہ چھوٹا ہو یا بڑا ہو…… فریکوئنسی کے نظام میں مقداروں کی بے اعتدالی کی وجہ سے ہوتا ہے……
میرے بچو!……
کائنات اور ہماری دنیا اور ہماری دنیا کی طرح بے شمار دنیائیں ایک سسٹم کے تحت چل رہی ہیں…… ہر فرد کی اپنی ڈیوٹی ہے…… کہ اس نظام کو صحیح طریقے سے چلائے…… سورج کی اپنی ڈیوٹی ہے…… چاند کی اپنی ڈیوٹی ہے…… ہوا کی اپنی ڈیوٹی ہے…… بہتے سمندر اور سبک خرام دریاؤں کی اپنی ڈیوٹی ہے…… زمین کی اپنی ڈیوٹی ہے اور انسانوں کی اپنی ڈیوٹی ہے……
جب زمین پر بے انصافی، حق تلفی، حسد، لالچ، خود غرضی، دولت پرستی، غرور و تکبر اور اللہ تعالیٰ سے انحراف اتنا زیادہ ہو جاتا ہے کہ سسٹم میں اعتدال قائم نہ رہے تو سسٹم ٹوٹ جاتا ہے……
اور سسٹم ٹوٹنے کیلئے آندھیاں چلتی ہیں…… طوفان آتے ہیں…… ہریکن…… ٹائیفون…… اور سونامی (سمندری زلزلے) آتے ہیں……
قوموں کے عروج و زوال اور عذاب و ثواب میں یہ قانون کارفرما ہے کہ قومیں جب تک قدرت کے بنائے ہوئے فارمولوں کے مطابق زندگی گزارتی ہیں…… اپنے اور دوسرے کے حقوق کی پاسداری کرتی ہیں…… اپنے وطن اور اپنی زمین سے محبت کرتی ہیں…… انسان کی قدر کم نہیں ہوتی…… قدرت ان کی مدد کرتی ہے……
(جبکہ آج صورتحال یہ ہے کہ……
۱۔ زمین کی قیمت زیادہ ہے اور انسان کی قیمت کم ہے……
۲۔ ایک بھائی کا بچہ ڈھائی ہزار ماہانہ فیس پر پڑھتا ہے اور دوسرے سگے بھائی کا بچہ اس لئے اسکول نہیں جاتا کہ اس کے پاس اسکول کی یونیفارم اور کتابیں خریدنے کیلئے پیسے نہیں ہیں……
۳۔ ہر امیر ہمارا رشتہ دار ہے…… اور ہر غریب کسمپرسی میں زندگی گزار رہا ہے……
۴۔ انسان اپنے نفع کیلئے دودھ میں ملاوٹ کرتا ہے…… مرچ مصالحہ میں ملاوٹ کرتا ہے…… گھی میں گریس ملاتا ہے…… پیٹرول میں ملاوٹ کرتا ہے…… دواؤں میں ملاوٹ کرتا ہے…… اور اس کو کامیاب زندگی قرار دیتا ہے……)

*****

جب کوئی قوم اپنی زمین اور اپنے وطن سے محبت نہیں کرتی تو دراصل وہ زمین کے تحفظات سے خود کو دور کرتی ہے…… اور اللہ تعالیٰ کا بنایا ہوا قانون ایسے لوگوں کی مدد نہیں کرتا……
جب کوئی قوم الٰہی قوانین سے انحراف کرتی ہے تو دراصل وہ قدرت کے کاموں میں دخل اندازی کرتی ہے……
قدرت اس کو سسٹم سے باہر پھینک دیتی ہے…… زمین تو محفوظ رہتی ہے…… لیکن آدم زاد ہلاکت کے گہرے گڑھوں میں دفن ہو جاتا ہے……
یہ بات کون نہیں جانتا؟…… کون ہے جو برملا اس بات سے انکار کر سکے؟…… ؟کس کی جرأت ہے کہ وہ اس بات کو رد کر
دے؟…… کہ آج کے دور میں دولت پرستی عام ہو گئی ہے!……
دولت پرستی شرک ہے!…… اور شرک اللہ تعالیٰ معاف نہیں کرتے…… اللہ تعالیٰ غفار الذنوب ہیں…… گناہ معاف کر دیتے ہیں…… لیکن شرک معاف نہیں کرتے……
مادی استحکام کیلئے انسانی قدریں پامال ہو رہی ہیں…… ہر فنا ہو جانے والی چیز پر بھروسہ کر لیا گیا…… عارضی آسائش و آرام اور زر پرستی زندگی کا مقصد بن گیا ہے……
انبیاء علیہم السلام کی تعلیمات سے اختلاف…… تفرقے بازی…… زمین پر فساد…… قدرت سے انحراف ہے……
قدرت سے انحراف کا مطلب یہ ہے کہ آدمی قدرت کا تعاون نہیں چاہتا……
خود غرضی عام ہو گئی ہے…… واعظوں نے اللہ تعالیٰ کی آیتوں کو کاروبار بنا لیا ہے…… ہر آدمی صالح بن گیا ہے…… کسی کو اپنی اصلاح کی فکر نہیں ہے…… ہر آدمی چاہتا ہے کہ دوسرے کی اصلاح ہو جائے…… کھانے پینے کی چیزوں میں ملاوٹ سے معاشرہ زہرناک بن گیا ہے…… ترقی کے فسوں میں ہر آدمی بیمار ہے…… لوٹ کا بازار گرم ہے…… کوئی جادو کے نام پر لوٹ رہا ہے اور کوئی سحر کے نام پر لُٹ رہا ہے…… زندگی ٹوٹ رہی ہے…… بکھر رہی ہے……
یاد رکھئے!…… ہر شئے چاہے وہ ریت کا ذرہ ہی کیوں نہ ہو…… شعور رکھتی ہے…… زندگی مقداروں سے مرکب ہے…… اور مقداروں کا نظام براہ راست قدرت کے ہاتھ میں ہے…… جب قدرت ناراض ہو جاتی ہے تو نظام ٹوٹ جاتا ہے…… نظام توڑنے کیلئے قدرت کیا طریقے اختیار کرتی ہے، یہ اس کا اپنا انتخاب ہے…… آندھی کے ذریعے…… ہوا یا پانی کے طوفان کے ذریعے…… چنگھاڑ کے ذریعے…… یا زلزلے کے ذریعے……

آیئے!…… ہم سب استغفار پڑھیں…… حق تلفی نہ کریں…… اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اور عہد کریں کہ ہم اللہ تعالیٰ اور اللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات پر عمل کریں گے اور کائناتی سسٹم کو محفوظ رکھنے کی کوشش کریں گے……

*****

بچے، جوان، بوڑھے، مرد حضرات اور خواتین نے جس طرح اپنے مصیبت زدہ بھائیوں کی مدد کی ہے اور ان کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھا ہے…… یہ بہت روشن مثال اور اعلیٰ کردار ہے……
اس عظیم حادثہ میں جس طرح پورا پاکستان ہم ذہن اور متحد ہو گیا ہے، یہ عمل ملک و قوم کے عروج کی طرف راہنمائی کرتا ہے…… زندہ اور آزاد قومیں، ناگہانی آفات اور مصیبتوں کا مردانہ وار مقابلہ کرتی ہیں…… اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کر دینے کا حوصلہ رکھتی ہیں……
پاکستانی افواج بلاشبہ قابل تحسین ہیں…… کہ انہوں نے بڑے بڑے خطرات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مصیبت زدہ اور معذور افراد کی خدمت کی ہے…… افواج پاکستان اور پاکستانی عوام کے اس منظم ایثار سے پوری قوم کا حوصلہ بلند ہوا ہے اور عزم میں استحکام پیدا ہوا ہے……

اللہ تعالیٰ سب کو اجرِ عظیم عطا فرمائے اور شہید ہونے والوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے……
ہمیں یقین ہے کہ پوری قوم اپنے بے گھر، بے آسرا بہن بھائیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے آباد ہونے تک انشاء اللہ اسی ایثار اور جذبہ سے کام کرتی رہے گی……
آمین یا رب العالمین……

*****

آفات ارضی و سماوی سے محفوظ رہنے کیلئے رات کو سونے سے پہلے اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ سورۃ الزلزال (سورہ نمبر 99، پارہ تیس) گیارہ مرتبہ پڑھ کر پہلے شمال کی طرف پھر جنوب کی طرف پھر مشرق کی طرف اور اس کے بعد مغرب کی طرف پھونک مار دیں……
اور بلند آواز سے نو مرتبہ اللہ اکبر پڑھ کر سو جائیں……
فجر کی نماز کے بعد سو مرتبہ
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
نصر من اللہ و فتح قریب
پڑھ کر اپنے اوپر دم کریں…… اور ہر قسم کے حادثات، آندھی، طوفان، سیلاب اور زلزلے کی تباہی سے محفوظ رہنے کیلئے اپنے لئے، اپنے بھائیوں کیلئے، اپنی قوم اور اپنے ملک کیلئے دعا کریں…… دعا کے بعد تین دفعہ آمین کہیں……
آمین…… آمین…… آمین

*****

آفات ارضی و سماوی سے حفاظت کے لئے 9انچ چوڑے اور 2انچ لمبے سفید آرٹ پیپر کے اوپر سیاہ چمکدار روشنائی سے بہت خوبصورت لکھ کر یا کمپوز کر کے یہ نقش اپنے گھر میں مین دروازے کے اندر کی جانب چھت کے نیچے دیوار پر آویزاں کر دیں……

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
یَاحَفِیْظُ یَاحَفِیْظُ یَاحَفِیْظُ
یَابَدِیْعُ یَابَدِیْعُ یَابَدِیْعُ
یَابَدِیْعُ الْعَجَاءِبِ بِاالْخَیْرِ یَابَدِیْعُ

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہر قسم کی آفات سے حفاظت ہو…… آمین یہ نقش دیوار پر آویزاں کرنے کے بعد کم از کم گیارہ روپے اللہ کے نام خیرات کر دیں۔

یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 241 تا 248

سارے دکھاو ↓

براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔

    Your Name (required)

    Your Email (required)

    Subject (required)

    Category

    Your Message (required)