انسان حیوان سے کیوں ممتاز ہے
مکمل کتاب : نظریٗہ رنگ و نُور
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=16920
دنیا میں ہزاروں انسان بستے ہیں ہر انسان دوسرے کی زندگی سے ناواقف ہے۔ ہر انسان کی زندگی ایک ایسا راز ہے جس کو دوسرے نہیں جانتے اس راز کی بدولت ہر انسان اپنی غلطیوں کو چھپائے ہوئے خود کو بہتر پیش کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے اور خود کو مثالی بنا کر دوسروں پر ظاہر کرنا چاہتا ہے۔ اگر اس کی غلطیاں لوگوں کے سامنے ہوتیں تو پھر وہ خود کو بہترظاہر کرنے کی کوشش نہ کرتا اور زندگی کا ارتقاء بھی عمل میں نہیں آتا۔ انسانی ساخت کی یہی خصوصیت اسے جانوروں سے ممتاز کرتی ہے۔ ہر ایک حیوان کے اعمال متعین ہیں۔ حیوان کے متعین اعمال کو ہر حیوان کا شعور پوری طرح جانتا ہے چونکہ جانوروں میں انفرادی طور پر ایک دوسرے کے درمیان پردہ حائل نہیں ہے اور ہر حیوان دوسرے حیوان کی زندگی سے پوری طرح واقف ہے اس لئے کوئی حیوان خود کو دوسرے حیوان کے سامنے مثالی بنا کر پیش نہیں کرتا۔
قانون:
خود کو چھپانا اور غلطیوں پر پردہ ڈالنے کا جذبہ ہی انسان کو دوسروں سے ممتاز کرتا ہے۔ انسانی ساخت کا شعوری امتیاز ہی تمام علوم و فنون کا مخزن ہے۔ انسان کی یہ کوشش کہ وہ خود کو دوسروں کے سامنے مثالی بنا کر پیش کرنا چاہتا ہے اس کو نئے نئے راستوں کی تلاش کی طرف مائل کرتی ہے۔نئے نئے راستوں کی تلاش اور نئی نئی ایجادات کی کوشش ہی دراصل انسانی ارتقاء کا راز ہے۔ یہی شعور انسان کو کائنات کی دوسری تمام مخلوقات سے ممتاز کرتا ہے۔ یہ ایسی کوشش اور جدوجہد ہے جس جدوجہد اور کوشش سے وہ علوم حصولی سے گزر کر ماورائی عالمین میں داخل ہو جاتا ہے۔یہی کوشش اور جستجو ہے جو نئے نئے راستوں کو تلاش کرتی ہے، نئے نئے علوم کی داغ بیل ڈالتی ہے۔ نئے نئے فلسفوں کو قائم کرتی ہے اور نئے نئے فلسفوں سے بے شمار علوم کی شاخیں مرتب کرتی ہے۔ یہ سب ارتقائی عمل ہیں۔ ارتقائی عمل ہی علم حصولی کا ذریعہ ہے۔ لیکن علم حصولی کے تحت جتنی بھی اختراعات ہوتی ہیں وہ مفروضات اور قیاسات پر مبنی ہیں۔ سادھو کبیر داس کہتے ہیں:
رنگی کو کہیں نارنگی ، تت مال کو کھویا
چلتی کو کہیں گاڑی ، دیکھ کبیر رویا
نارنگی پھل کا چھلکا، پھانک، پھانک کے اندر گودا، گودے کے اندر بیج، بیج کے اندر گری ہر چیز کا رنگ مختلف ہے۔ لیکن دنیا والے اسے نارنگی سے موسوم کرتے ہیں۔ دودھ سے حاصل شدہ جوہر کو کھویا یعنی ’’کھو دیا‘‘ کہا جاتا ہے۔ بھگت کبیر کہتے ہیں یہ کیسی اندھیر نگری ہے جہاں ہر چیز کو وہ نام دے دیا گیا ہے جو وہ نہیں ہے۔
جب ہم انسانی زندگی کی ساخت اور ارتقاء کے بارے میں سوچ بچار کرتے ہیں اور کائناتی نظام میں زندگی کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہم یہ جان لیتے ہیں کہ ہر انسان دوسرے انسان کی زندگی سے ناواقف ہے۔ ہر انسان جانتا ہے کہ میری زندگی کے بارے میں میرے علاوہ دوسرا کوئی شخص نہیں جانتا۔ انسانی زندگی کا یہی چھپا ہوا رخ انسان کو حیوانات سے ممتاز کرتا ہے۔ یعنی انسان حیوانات سے اس لئے ممتاز ہے کہ حیوانات میں اخفاء نہیں ہے۔اس پوری وضاحت سے یہ نتیجہ مرتب ہوا کہ انسان کی خصوصیت یہ ہے کہ وہ اپنی غلطیوں کو چھپاتا اور اچھائیوں کو بیان کرتا ہے۔ انسانی ساخت کا یہ شعوری امتیاز ہی دراصل اس کو علوم و فنون کی طرف متوجہ کرتا ہے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 152 تا 154
نظریٗہ رنگ و نُور کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔