وعدہ خلاف قوم
مکمل کتاب : محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=18717
حضرت صالح علیہ السلام نے پیشن گوئی کر دی تھی کہ لوگ زیادہ عرصہ تک وعدہ کے پابند نہیں رہیں گے اور اونٹنی کو مارڈالیں گے۔
لوگوں کے اصرار پر آپ نے اس شخص کا حلیہ بتا دیا اور فرمایا کہ وہ شخص ابھی پیدا نہیں ہوا ہے۔ سرداروں نے فیصلہ کیا کہ جس گھر میں سرخ چہرے اور بلی کی طرح آنکھوں والا بچہ پیدا ہو اسے فوراً ختم کر دیا جائے۔
بستی میں نو بچے پیدا ہوئے جنہیں ہلاک کر دیا گیا، آبادی میں سراسیمگی پھیل گئی، لوگ سراپا احتجاج بن گئے اور حضرت صالح علیہ السلام کو بُرا بھلا کہنے لگے، بعض افراد نے کہا کہ یہ شخص ہماری قوم کے بچے مروا رہا ہے اس طرح تو ہماری نسل ختم ہو جائے گی۔
قدرت کے اپنے فارمولے ہیں بچہ جوان ہو گیا وہ نو گھرانے جن کے بچے قتل کر دیئے گئے تھے جب اس لڑکے کو دیکھتے تو کہتے اگر صالح ہمارے لڑکوں کو نہ مرواتا تو آج اس سے بھی بڑے گھبرو جوان ہوتے، یہ نو افراد حضرت صالح علیہ السلام کے سخت دشمن بن گئے، وہ ہر طرح سے حضرت صالح علیہ السلام کو تنگ اور پریشان کرتے تھے۔
’’اس شہر میں نو شخص تھے جو ملک میں فساد پھیلاتے تھے اور کوئی اصلاح کا کام نہ کرتے تھے انہوں نے آپس میں کہا، خدا کی قسم کھا کر عہد کر لو کہ ہم صالح اور اس کے گھر والوں پر شب خون ماریں گے اور پھر اس کے ولی سے کہہ دیں گے کہ ہم اس کے خاندان کی ہلاکت کے موقع پر موجود نہ تھے، ہم بالکل سچ کہتے ہیں۔ یہ چال تو وہ چلے اور پھر ایک چال ہم نے چلی جس کی انہیں خبر نہ تھی۔‘‘
(سورۃ النمل: ۴۸۔۵۰)
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 109 تا 110
محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔