غلام قومیں
مکمل کتاب : آوازِ دوست
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=6229
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ جو قومیں اپنی حالت نہیں بدلنا چاہتیں، اللہ تعالیٰ ان کی حالت میں تبدیلی پیدا نہیں کرتے ۔ ہم نے من حیث القوم اللہ تعالےٰ کے بنائے ہوئے قوانین سے نظر ہٹا لی ہے اور اپنے آپ کوعذاب و ثواب کے چکّر میں محدود کر لیا ہے۔ اس قدر محدود کر لیا ہے کہ تخلیقی فارمولوں سے ہم بالکل بے بہرہ ہو گئے ہیں۔ قرآن ہمارا ہے۔ اللہ ہمارا ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں ارشاد فرماتے ہیں کہ ہم نے زمین آسمان اور اس کے اندر جو کچھ ہے سب کا سب تمہارے تا بع فرمان کر دیا ہے، تمہارے لئیے چاند کو مسخر کر دیا ہے، تمہارے لیئے ستاروں کو مسخر کر دیا ہے۔ اور ہم ہیں کہ ہم نے اس تسخیری عمل کو کبھی آنکھ اُٹھا کر بھی نہیں دیکھا۔ قرآن ہمارا ہے اور قرآن واشگاف الفاظ میں کہتا ہے کہ لوہے میں انسانوں کے لیئے بے شمار فائدے محفوظ ہیں۔ ظاہر ہے کہ قرآن پاک یہ کہہ رہا ہے کہ یہ فائدے جو اللہ تعالیٰ نے لوہے کے اندر محفوظ کر دیئے ہیں انہیں تلاش کرو اور جب تم ان فائدوں کو تلاش کر لو گے تو ان سے اللہ کی مخلوق کو فا ئدہ پہنچے گا اور اللہ کی مخلوق میں تمہاری عزت و توقیر ہو گی۔ اللہ کا قانون اپنی جگہ برحق ہے۔ جن لوگوں نے لوہے کی صلاحیتوں کو تلاش کیا وہ لوگ قومی اعتبار سے عزت دار ہو گئے اور ہم نے قرآن پاک کی تعلیمات کو نظر انداز کیا ، ہم ذلیل و خوار ہو گئے۔ نماز، روزہ، حج، زکوٰۃ اپنی جگہ اہم ہیں، فرض ہیں، ضروری ہیں۔ اس لیئے کہ ان ارکان کی ادائیگی سے رُوح کو تقویت ملتی ہے، رُوحانی صلاحیتیں متحرّک اور بیدار ہوتی ہیں۔ لیکن یہاں معاملہ بالکل الٹا اور برعکس ہے کہ یہ پتہ ہی نہیں چلتا کہ رُوح کی صلاحیتیں ہمارے اندر موجود بھی ہیں یا نہیں۔ اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ہمارے اندر تفکر موجود نہیں ہے۔ ہم عمل تو کرتے ہیں، عمل کی حقیقت کی طرف متوجہ نہیں ہوتے۔ جب کوئی بندہ جس کو اللہ تعالیٰ نے علم الیقین کی دولت سے نوازا ہے، قرآن پاک میں تفکر کرتا ہے تو اس کے سامنے قوموں کے عروج و زوال کی تاریخ آجاتی ہے اور وہ اس بات کا مشاہدہ کر لیتا ہے کہ قوموں کا عروج و زوال اس بات پر منحصر ہے کہ اللہ تعالیٰ کی فرمائی ہوئی باتوں پر جن قوموں نے تفکر کیا وہ سرفراز ہوئیں اور جن قوموں نے تفکر کو رد کیا ، وہ قومیں غلام بن گئیں۔ بڑی ستم ظریفی ہے کہ ہم جب یہ دیکھتے ہیں کہ موجودہ سائنس کی ترقی میں وہ تمام فارمولے کام کر رہے ہیں جو ہمارے اسلاف نے چھوڑے ہیں اور جو فی الواقع ہمارا ورثہ تھے لیکن چوں کہ ہم نے اس ورثے کو کوئی اہمیت نہیں دی، اس لیئے دوسرے لوگوں نے اس سے فائدہ اٹھایا اور ہم ایک پس ماندہ اور بھکاری قوم بن گئے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 145 تا 146
آوازِ دوست کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔