تین طبقات
مکمل کتاب : محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=13765
حضرت ادریسؑ نے نوع انسانی کو تین طبقات میں تقسیم کیا۔
علماء، بادشاہ اور رعیت۔ حسب ترتیب ان کے مراتب مقرر فرمائے۔
علماء کو پہلا اور بلند درجہ دیا گیا، اس لئے کہ وہ خدا تعالیٰ کے سامنے اپنے نفس کے علاوہ باددشاہ اور رعیت کے معاملات میں بھی جواب دہ ہیں۔ بادشاہ کو دوسرے درجے پر رکھا گیا کہ وہ صرف اپنے نفس اور امور مملکت کا جواب دہ ہے۔ رعیت چونکہ صرف اپنے نفس کے لئے جواب دہ ہے اس لئے وہ تیسرے طبقے میں شامل کی گئی۔ لیکن یہ طبقات نسل و خاندانی امتیازات کے لحاظ سے نہیں تھے۔
انجیل نیا عہد نامہ(یہودہ کے خط) میں حضرت ادریسؑ کی ایک پیشن گوئی درج ہے جس میں صراط مستقیم سے بھٹکے ہوئے لوگوں کی کردار کشی کرتے ہوئے ان کی بیخ کنی اور انہیں راہ راست پر لانے کے لئے ایک راہبر اور نجات دہندہ کی خبر دی گئی ہے۔ پیشن گوئی جس ہستی کے لئے کی گئی وہ رحمت اللعالمین سیدنا حضرت علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذات اقدس ہے۔
’’ان پر افسوس! کہ یہ قائن کی راہ پر چلے اور مزدوری کے لئے بڑی حرص سے بلعام کی سی گمراہی اختیار کی اور قدرح کی طرح مخالفت کر کے ہلاک ہوئے یہ تمہاری محبتوں کی ضیافتوں میں تمہارے ساتھ کھاتے، پیتے وقت گویا دریا کی پوشیدہ چٹانیں ہیں، یہ بے دھڑک پیٹ بھرنے والے چرواہے ہیں، یہ بے پانی کے بادل ہیں جنہیں ہوائیں اڑا کر لے جاتی ہیں، یہ پتھر کے بے پھل درخت ہیں جو دونوں طرح سے مردہ اور جڑ سے اکھڑے ہوئے ہیں یہ سمندر کی پرجوش موجیں ہیں جو اپنی بے شرمی کے جھاگ اچھالتی ہیں۔ یہ وہ آوارہ گرد ستارے ہیں جن کے لئے ابد تک بے حد تاریکی ہے۔‘‘
ان کے بارے میں حنوک نے بھی جو آدمؑ سے ساتویں پشت میں تھا یہ پیشن گوئی کی تھی کہ:
’’دیکھو! خداوند اپنے لاکھوں مقدسوں کے ساتھ آیا تا کہ سب آدمیوں کا انصاف کرے اور سب بے دینوں کو ان کی بے دینی اور ان سب کاموں کے سبب جو انہوں نے بے دینی سے کئے ہیں، ان سب سخت باتوں کے سبب جو بے دین گنہگاروں نے اس کی مخالفت میں کہی ہیں قصور وار ٹھہرائے۔‘‘
(انجیل۔ یہودہ۔۱۴،۱۱)
’’اور ذکر کر کتاب میں ادریسؑ کا، وہ تھا سچا نبی اور ہم نے اٹھا لیا اس کو ایک اونچے مکان پر۔‘‘
(سورۃ مریم۔۵۶،۵۷)
بائبل میں ہے: ’’اور حنوک کی کل عمر تین سو پینسٹھ برس کی ہوئی اور حنوک خدا کے ساتھ ساتھ چلتا رہا اور غائب ہو گیا کیونکہ خدا نے اسے اٹھا لیا۔‘‘
(کتاب پیدائش، باب۵: آیت ۲۳،۲۴)
بائبل میں اس قدر بیان ہے کہ وہ غائب ہو گئے کیونکہ خدا نے انہیں اٹھا لیا، مگر تلموذ میں ایک طویل قصہ بیان ہوا ہے جس کے اختتام پر بتایا گیا ہے کہ حنوک ایک بگولے میں شین رتھ اور گھوڑوں سمیت آسمان پر چڑھ گئے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 65 تا 67
محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔