چہرے پر دانے
مکمل کتاب : روحانی ڈاک (جلد اوّل)
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=24708
سوال: میرا مسئلہ بظاہر عام سا معلوم ہوتا ہے مگر میرے لئے ایک بڑا ہی پیچیدہ مسئلہ ہے۔ کہیں آنا جانا تو درکنار گھر میں بھی لوگوں سے بات کرتے ہوئے شرم آتی ہے اور سارا دن سر پر چادر لپیٹے رہتی ہوں تا کہ میرا چہرہ چادر سے ڈھکا رہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دس سال سے میرے چہرے پر مہاسے نکلتے ہیں۔ میں نے حکیمی ، ڈاکٹری، ہومیو پیتھک سب علاج کرلیا ہے۔ میرے چہرے پر باریک باریک سوراخ ہو گئے ہیں۔ جو کافی بدنما لگتے ہیں۔ جب یہ دانے نکلتے ہیں تو شروع میں سرخ دھبہ نمودار ہوتا ہے جو دو چار دن میں دانے کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ جس کا کوئی منہ نہیں ہوتا۔ اس کو دبانے سے مواد اور خون نکلتا ہے جو بعد میں اپنا نشان چھوڑ جاتا ہے جس میں شدید تکلیف ہوتی ہے۔ آخر یہ کونسی بیماری ہے کہ علاج سے فائدہ نہیں ہوتا۔
جواب: چہرے پر سے دانے ختم نہ ہونے کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ آپ دانوں کو پھوڑ دیتی ہیں اور اس طرح چہرے پر داغ اور سوراخ بن جاتے ہیں۔ اب تک جو داغ دھبے پڑ چکے ہیں۔ اس کا علاج کوئی نہیں ہے البتہ آئندہ اگر آپ دانوں کو انگلیوں سے دبا کر پھوڑنا چھوڑ دیں تو چہرے پر مزید داغ نہیں پڑیں گے۔ رات کو سات دانے عناب پانی میں بھگو دیں۔ صبح نہار منہ سورج طلوع ہونے سے قبل عناب نچوڑ کر پانی پی لیں اور پھوک پھینک دیں۔ یہ علاج چالیس روز تک کریں۔ چہرے پر دانے نکلنا بند ہو جائیں گے۔ سردی اگر ہو تو پانی کو ہلکا نیم گرم کر لیں۔ سرخ مرچ، گرم مصالحہ، انڈے اور گوشت سے چالیس روز تک پرہیز رکھیں۔ صرف دالیں اور ترکاریاں کھائیں۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 128 تا 129
روحانی ڈاک (جلد اوّل) کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔