ٹرانس پیرنٹ
مکمل کتاب : روحانی ڈاک (جلد اوّل)
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=24543
سوال: فی زمانہ سائنس اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ پتہ لگایا جائے کہ ہمارے سیارے کے علاوہ کسی دوسرے سیارے پر آبادی ہے یا نہیں۔ آپ سے سوال ہے کہ روحانیت اس بارے میں کیا کہتی ہے؟ میں نے ایسے سادھوؤں، جوگیوں اور سنیاسیوں کے متعلق پڑھا ہے جو اپنی روح کو جسم سے جدا کر کے کائنات میں سفر کرتے ہیں کیا اس روحانی سفر کے ذریعہ دوسرے سیاروں کی مخلوقات کو دیکھا جا سکتا ہے؟
جواب: ستاروں اور سیاروں کا لامتناہی پھیلا ہوا سلسلہ بے آباد، ویران اور خالی نہیں ہے۔ بلکہ ان میں بیشتر سیارے آباد ہیں۔ خالق کائنات نے یہ وسیع و عریض کائنات پیدا ہی اس لئے کی ہے کہ مخلوقات اس بات کو جانیں کہ کوئی ان کا خالق ہے اور وہ اس کو پہچاننے کی کوشش کریں۔
ہمیں جو سیارے نظر آتے ہیں اور جو نگاہوں سے اوجھل ہیں، ان میں سے اکثر پر انسان اور جنات آباد ہیں۔ یہی دو مخلوق ہیں جو اس کائنات کے نظام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں البتہ ہر سیارے میں مخلوقات کی حرکات و سکنات اور شکل و صورت کی مقداروں میں فرق ہوتا ہے۔ کسی سیارے میں انسان روشنی کا بنا ہوا ہیولا نظر آتا ہے تو کسی سیارے میں انسان ٹرانس پیرنٹ نظر آتا ہے یعنی ایسے سیارے کا آدمی ہمارے سامنے آ جائے تو ہمیں اس کے آر پار نظر آئے گا۔ کسی سیارے میں انسان کا رنگ سونے کی طرح سنہرا ہے، وغیرہ وغیرہ۔ یہ بات دلچسپ اور تحیر خیز ہے کہ جس سیارے پر جس نوع کی مخلوق آباد ہے اس سیارے میں ذیلی مخلوق یعنی حیوانات، نباتات وغیرہ بھی اسی مخلوق کی طرح تخلیق کی گئی ہیں مثلاً جس سیارے میں انسانی مخلوق ٹرانس پیرنٹ ہے تو اس ساری سر زمین پر پیدا ہونے والی ہر شئے ٹرانس پیرنٹ ہے۔ درخت کا تنا اس طرح ہے کہ جیسے شیشے کا ایک ستون۔ لیکن اس شیشے کے ستون میں درخت سے متعلق رگیں اور لکڑی کے جوڑ سب موجو دہیں۔ پتے بھی موجود ہیں۔ وہ بھی شیشے کی مانند شفاف ہیں۔
ہر سیارے میں وقت کی پیمائش اور درجہ بندی بھی الگ الگ ہے۔ اس کی مثال ہم اس طرح دے سکتے ہیں کہ جنات کی نوع میں بھی ولادت کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کے ہاں بھی پیدائش 9ماہ بعد ہوتی ہے لیکن فرق یہ ہے کہ اگر ہم اپنے ماہ و سال سے اس کی پیمائش کریں تو وہ مدت9سال بنتی ہے یعنی ہمارا ایک ماہ جنات کے ایک سال کے برابر ہے۔ اسی مناسبت سے ان کی عمریں بھی ہوتی ہیں۔ چنانچہ بہت سے بزرگوں کے اقوال میں یہ بات ملتی ہے کہ انہوں نے ایسے جنات سے ملاقات کی جنہوں نے حضور اکرمﷺ کی زیارت کی تھی۔ اگر ایک انسان 100سال کی زندگی پاتا ہے تو اس حساب سے ایک جن کی عمر بارہ سو سال ہو گی۔
ہر سیارے میں آباد انسان اور جنات میں معاشرتی اور مذہبی قدریں رائج ہیں اور وہ اس طرح زندگی گزارتے ہیں جس طرح زمین کے باسی اپنی زندگی گزار رہے ہیں۔ البتہ کشش ثقل کی مقداروں میں فرق کی وجہ سے ہر سیارے کا وقت اور اس کی طرز تخلیق الگ الگ ہے۔
سیاروں اور کہکشانی نظاموں سے متعارف ہونے اور ان کی طرز حیات کا معائنہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ ہمارے ذہن کی وہ صلاحیت متحرک ہو جو ہمیں زمان و مکان کی حدود سے آزاد کرتی ہے چنانچہ ہم اپنے ذہن کی رفتار کو متغیر کر کے کسی سیارے کی حدود یااس کے (Atmosphere) میں داخل ہو سکتے ہیں۔ ذہن کو زمان و مکان سے آزاد کرنے کی یہ کوشش روح کی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کا نام ہے کیونکہ روح زمان و مکان کی گرفت سے آزاد ہے۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
’’اے گروہ جنات اور انسان اگر تم زمینوں اور آسمانوں کے کناروں سے نکل سکتے ہو تو نکل جاؤ تم نہیں نکل سکتے مگر سلطان سے۔‘‘
روحانیت اور تصوف میں سلطان کا مطلب روح ہے۔ ذہن کو ٹائم اسپیس سے آزا د کرنے کا آسان طریقہ کسی استاد کی نگرانی میں مراقبہ ہے۔ کوئی بھی شخص مسلسل مراقبہ کی مشق کر کے اپنے ذہن کو کشش ثقل سے آزاد کر سکتا ہے۔ قدرت نے یہ صلاحیت ہر شخص کو ودیعت کی ہے یہ کسی خاص گروہ یا طبقہ کا حصہ نہیں ہے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 112 تا 115
روحانی ڈاک (جلد اوّل) کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔