خوفناک شکلیں نظر آتی ہیں
مکمل کتاب : روحانی ڈاک (جلد اوّل)
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=24802
سوال: کچھ عرصہ پہلے میں نے ایک صاحب کے بتائے ہوئے وظیفہ کا ورد شروع کیا کچھ دن بعد میں نے محسوس کیا کہ وظیفہ پڑھتے وقت میرے جسم میں سنسنی سی دوڑنے لگتی ہے۔ پہلے پہل میں نے اس پر کوئی توجہ نہ دی لیکن بعد میں یہ کیفیت بڑھ گئی۔ ایک دن محسوس کیا کہ دوران ورد میرا جسم ہوا میں اڑ رہا ہے۔ گویا اس میں وزن نہیں ہے۔ میں نے گھبرا کر قریب رکھی ہوئی میز کا سہارا لیا۔ اسی وقت میری کیفیت بحال ہو گئی۔ رات کو جب میں سونے کے لئے لیٹا تو یوں محسوس ہوا جیسے خواب ایک ریل کی طرح نگاہوں کے سامنے سے گزر رہے ہیں۔ میں رات بھر نہ جانے کیا کیا دیکھتا رہتا۔ پہاڑ، دریا، باغات اور آسمانی مناظر ایک دن لیٹے لیٹے یوں جھٹکا لگا جیسے بجلی کا شاک لگ جاتا ہے۔ دماغ سن ہو کر رہ گیا اس کے بعد رات کو یوں محسوس ہوتا جیسے کوئی میرے کمرے کے باہر چہل قدمی کر رہا ہو۔ میں قدموں کی چاپ واضح سنتا تھا۔ بیٹھے بیٹھے لگتا کہ کوئی پشت کی طرف سے گزر گیا ہے۔ دیکھنے پر کوئی نظر نہ آتا۔ ایک دن وظیفہ پڑھتے پڑھتے عجیب و غریب شکلیں نظر آنے لگیں۔ ان شکلوں کو دیکھ کر میں ڈر گیا اور وظیفہ پڑھنا بند کر دیا۔ اگرچہ اب ان کیفیات و تجربات کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔ لیکن اب بھی کبھی کبھی نت نئے تجربات اور محسوسات ہو جاتے ہیں۔ آپ سے اس معاملہ میں رہنمائی کا طالب ہوں۔
جواب: آپ نے جو وظیفہ پڑھا تھا اس کی رجعت ہو گئی تھی۔ وظیفہ کی رجعت کا مطلب لاشعوری کیفیات کا شعور میں آ جانا ہے۔ یہ بہت اچھاہوا کہ آپ نے وظیفہ کا ورد ترک کر دیا ورنہ اگر مسلسل ورد جاری رکھا جاتا تو کسی بڑے نقصان کا سبب بن سکتا تھا۔ اسی لیے کہا جاتا ہے کہ کوئی وظیفہ کسی ایسے استاد کی نگرانی اور اجازت کے بغیر نہیں پڑھنا چاہئے جو واقعتا وظائف کا عامل ہو۔ آپ کو چاہئے کہ مزید کسی وظیفے کو نہ پڑھیں۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 142 تا 143
روحانی ڈاک (جلد اوّل) کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔