بسم اللہ کی زکوٰۃ
مکمل کتاب : روحانی ڈاک (جلد اوّل)
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=24287
سوال: امید ہے آپ خیریت سے ہونگے۔ پروردگار عالم آپ کو صحت عنایت فرمائے، آپ جس طرح انسانیت کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں اس کا اجر انشاء اللہ بارگاہ محمدﷺ وآل محمدﷺ سے ضرور ملے گا۔
خط تحریر کرنے کا سبب یہ ہے کہ میں نے ایک کتاب میں آیت بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم کے فوائد پڑھے ہیں مگر اس میں تفصیل سے تحریر نہیں کیا گیا ہے اور بات کو تشنہ چھوڑ دیا گیا ہے۔ آپ سے عرض ہے کہ آیت مبارکہ کے واضح فوائد’’قارئین روحانی ڈاک‘‘ کے استفادہ کے لئے تحریر فرما دیں اور اس کے عامل بننے کے لئے اس کی زکوٰۃ کا طریقہ تحریر فرما دیں، میں اس آیت مبارکہ کی زکوٰۃ ادا کرنا چاہتا ہوں اور آپ سے اجازت کا طالب ہوں۔ خدا ہم سب مسلمان بھائیوں کو سرکار رسالت مآب حضرت محمدﷺ کے نقش پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ’’الٰہی آمین‘‘
جواب: بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کے عمل سے دنیا کے بہت سے کام ہو جاتے ہیں۔ کسی مریض کے اوپر دم کرنے سے شدت مرض میں فوری طور پر کمی واقع ہو جاتی ہے۔ کوئی معاشی کام پورا نہ ہو رہا ہو۔ بسم اللہ کے ورد سے معاش میں استحکام پیدا ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بے تحاشا فوائد ہیں۔ زکوٰۃ کا طریقہ یہ ہے کہ رات کے وقت جگہ اور وقت کا تعین کر کے روزانہ تین ہزار ایک سو پچیس مرتبہ پڑھیں۔ چالیس دن میں سوا لاکھ مرتبہ پورا ہو جائے گا۔ اور اس طرح بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ کی زکوٰۃادا ہو جائے گی۔ اگر درمیان میں ناغہ ہو جائے تو از سر نو شروع کرنا ہو گا۔ مثلاً پچیس دن پڑھنے کے بعد ناغہ ہو جاتا ہے تو پھر پہلے دن سے شروع کریں۔ ہر جمعرات کو شام کے وقت سوا گیارہ روپے اللہ کے نام خیرات کریں۔ زکوٰۃ ادا ہونے کے بعد آپ کسی کے اوپر دم کریں تو مریض سے کہہ دیں کہ وہ دو روپے صدقہ کر دے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 74 تا 75
روحانی ڈاک (جلد اوّل) کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔