ملک الموت
مکمل کتاب : محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=19490
بخاری اور مسلم میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وفات کا واقعہ اس طرح بیان کیا گیا ہے کہ:
حضرت موسیٰ علیہ السلام کی وفات کا وقت قریب آیا تو موت کے فرشتے نے ان کی خدمت میں حاضر ہو کر عرض کیا (احب ربک)
اب اپنے رب کی طرف سے پیغام اجل کو قبول کر حضرت موسیٰ علیہ السلام نے اس کے طمانچہ رسید کر دیا جس سے اس کی آنکھ پھوٹ گئی، اس نے اللہ تعالیٰ کے پاس جا کر کہا:
’’تیرا بندہ موت نہیں چاہتا اس نے میرے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔‘‘
اللہ تعالیٰ نے اس کی آنکھیں صحیح کر دیں اور اسے حکم دیا کہ :
’’موسیٰ کے پاس واپس جاؤ اور اس سے کہو کہ بیل کی کمر پر اپنا ہاتھ رکھ دے جس قدر بال تمہارے ہاتھ کے نیچے آ جائیں گے ہم ہر بال کے عوض تمہاری عمر میں ایک سال کا اضافہ کر دیں گے۔‘‘
فرشتہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی خدمت میں حاضر ہوا اور اللہ کا پیغام سنایا۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے پوچھا:
’’اس کے بعد کیا انجام ہو گا۔‘‘
جواب ملا:
’’انجام موت ہی ہے۔‘‘
حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا:
’’اگر زندگی کا انجام موت ہے تو آج ہی کیوں نہ آ جائے، اور دعا کی کہ اللہ ارض مقدس سے قریب کر دے۔‘‘
نبی کریمﷺ نے فرمایا:
’’اگر میں اس جگہ ہوتا تو تم کو حضرت موسیٰ کی قبر کا نشان دکھاتا کہ وہ سرخ ٹیلے (کثیب احمر) کے قریب دفن ہیں۔‘‘
انتقال کے وقت حضرت موسیٰ علیہ السلام کی عمر ایک سو بیس سال تھی۔ قرآن کریم اور احادیث نبوی میں حضرت موسیٰ علیہ السلام کے مناقب و فضائل اور بنی اسرائیل کے واقعات سے ان کی جلالت و عظمت و بزرگی کا پتہ چلتا ہے۔ سورہ اعراف میں ہے۔
’’(اللہ تعالیٰ) نے کہا، اے موسیٰ! بے شک میں نے تمہیں لوگوں پر بزرگی عطا کی، اور تم کو چن لیا اپنی رسالت دے کر اور ہم کلامی کا شرف بخش کر۔‘‘
(سورۃ اعراف۔ ۱۴۴)
’’اور کچھ رسول ہیں کہ جن کا ذکر ہم نے تم سے پہلے کر دیا ہے اور کچھ رسول ہیں جن کا ذکر ہم نے تم کو نہیں سنایا اور اللہ نے اس طرح موسیٰ سے کلام کیا، جیسا کہ واقعی طور پر کلام ہوتا ہے۔‘‘
(سورۃ النساء۔ ۱۶۴)
’’اور بلا شبہ ہم نے موسیٰ اور ہارون پر احسان کیا اور ان دونوں کو ان کی قوم کو بڑی مصیبت سے نجات دی، ان کی مدد کی کہ وہ (فرعون اور قوم فرعون) پر غالب رہے اور ہم نے ان دونوں کو راہ مستقیم کی ہدایت بخشی اور باقی رکھا ان کے متعلق پیچھے لوگوں میں کہ سلام ہو موسیٰ اور ہارون پر کہ بے شک ہم اس طرح بدلہ دیا کرتے ہیں نیکو کاروں کو بے شک وہ ہمارے مومن بندوں میں سے ہیں۔‘‘
(سورۃ الصٰفٰت: ۱۱۴۔۱۲۲)
’’اے ایمان والوں! تم ان لوگوں کی طرح نہ ہو جنہوں نے موسیٰ کو ایذا پہنچائی پاس اللہ نے ان کو اس بات سے بری کر دیا جس کو ان کی زبانیں کہہ رہی تھیں اور اللہ کے نزدیک وہ وجیہہ ہیں۔‘‘
(سورۃ احزاب۔ ۶۹)
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 263 تا 265
محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔