حضرت ایوب علیہ السلام
مکمل کتاب : محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=19346
حضرت ایوبؑ کے والد کا نام عموس تھا۔ آپ کے جد اعلیٰ عیسوا دوم حضرت اسحٰق ؑ کے فرزند اور حضرت یعقوبؑ کے بڑے بھائی تھے۔ آپ کی والدہ حضرت لوطؑ کی اولاد میں سے تھیں۔
عیسو حضرت یعقوبؑ سے مفارقت کے بعد کنعان سے ہجرت کر کے کوہ شعیر یا کوہ سراۃ کے دامن میں آباد ہوئے۔ یہ علاقہ عرب کے شمال مغرب میں اور خلیج عقبہ کے درمیان واقع ہے۔ مورخین کے مطابق یہ خطۂ ارض سرخ رنگ کی مٹی پر مشتمل تھا۔ اس رنگ کو لغوی اعتبار سے ادوم کہا جاتا ہے۔ اس وجہ سے یہاں کی آبادی کا نام ادوم مشہور ہو گیا۔
حضرت ایوبؑ کا مسکن بصریٰ تھا۔ یہ بستی عرب کے شمال میں فلسطین کے قریب اب تک موجود ہے۔ سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے شام کے سفر کے دوران یہاں قیام فرمایا تھا۔
عبرانی میں حضرت ایوبؑ کا نام ’’اوب‘‘ ہے اور توراۃ میں’’یوباب(Job)‘‘ ہے۔ اللہ نے آپ کو منصب نبوت کے جلیل القدر مقام پر فائز کرنے کے ساتھ ساتھ آپ کو اپنے قبیلے کا سردار بھی بنایا اور عزت و احترام اور جاہ و چشم سے نوازا۔ آپ کے مال مویشیوں کی تعداد ہزاروں میں تھی اور خدمت گار سینکڑوں تھے۔ بے شمار باغات اور کھیت آپ کی ملکیت تھے۔ بے حد فیاض انسان تھے۔ غریبوں کی امداد، فقراء و مساکین کی اعانت، بیکسوں کی دستگیری، بیواؤں اور یتیموں کی کفالت، سرپرستی اور مظلوموں کی فریاد رسی آپ کی زندگی کا حصہ تھی۔
’’وہ شخص کامل و صادق، خدا ترس اور متقی تھا۔‘‘
(ایوب کی کتاب)
حضرت ایوبؑ کی زوجہ حضرت یوسفؑ کے بیٹے افراہیم کی بیٹی تھیں۔ جن کا نام بی بی رحمہ (رحمت) تھا۔ آپ کے سات بیٹے اور تین بیٹیاں تھیں۔
حضرت ایوبؑ لوگوں کو دین ابراہیمی کی تعلیم دیتے اور انہیں شرک و بت پرستی اور برے اعمال سے اجتناب کی تلقین کرتے تھے۔
لوگوں کو اچھائی اور برائی کے تصور سے آشنا کرتے اور یہ بتاتے تھے کہ کونسے اعمال اللہ کے نزدیک پسندیدہ ہیں اور کونسے اعمال ناپسندیدہ ہیں۔ سرزمین ادوم پر آباد قوم کو حضرت ایوبؑ نے توحید، رسالت اور آخرت پر ایمان، عرفان ذات اور عارف باللہ کی تعلیم دی۔ راست بازی آپ کا طریق تھا اور شکر گزاری آپ کی عادت تھی۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 237 تا 238
محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔