گیارہ ستارے، سورج اور چاند
مکمل کتاب : محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=19073
حضرت یوسفؑ نے اپنے والد حضرت یعقوبؑ سے کہا!
’’اے میرے باپ! میں نے خواب دیکھا ہے کہ گیارہ ستارے اور سورج اور چاند مجھے سجدہ کر رہے ہیں۔‘‘ حضرت یعقوبؑ نے فرمایا!
’’میرے بیٹے جس طرح تو نے دیکھا ہے کہ گیارہ ستارے، سورج اور چاند تیرے آگے جھکے ہوئے ہیں اسی طرح تیرا پروردگار تجھے برگزیدہ کرنے والا ہے۔‘‘
ایک روز حضرت یوسفؑ کے سوتیلے بھائیوں نے پروگرام بنایا کہ یوسفؑ کو باپ سے دور کر دیں۔ سب بھائیوں نے باپ سے کہا!
’’ہم یوسف کو سیر کرانے کے لئے اپنے ساتھ جنگل میں لے جانا چاہتے ہیں۔ حضرت یعقوبؑ نے بے انتہا اصرار کے بعد نیم دلی سے اجازت دے دی۔ سوتیلے بھائی حضرت یوسفؑ کو ساتھ لے گئے اور اندھے کنوئیں میں پھینک دیا اور مکر و فریب سے روتے ہوئے گھر واپس آئے۔ باپ کے سامنے یہ عذر پیش کیا کہ حضرت یوسفؑ کو بھیڑیا کھا گیا ہے۔ ثبوت کے طور پر بکری کے خون میں رنگے ہوئے حضرت یوسفؑ کے کپڑے باپ کو دکھائے۔ حضرت یعقوبؑ گو کہ ان کا حیلہ سمجھ گئے لیکن رضائے الٰہی سمجھ کر خاموش ہو گئے۔ جس کنوئیں میں حضرت یوسفؑ کو پھینکا گیا تھا۔ یہ کنواں حبرون(موجودہ الخلیل) کی وادی میں سیکم کے قریب ہے۔ اسماعیلی تاجروں کا ایک قافلہ مصر جاتے ہوئے یہاں سے گزرا تو قافلے کے لوگوں نے ایک کنواں دیکھا۔ پانی پینے کے لئے قافلہ رک گیا۔
قافلے والے نے کنوئیں میں ڈول ڈالا تو حضرت یوسفؑ اسے پکڑ کر کنوئیں سے باہر نکل آئے۔ تاجر آپ کو ساتھ لے گئے اور مصر کے بازار میں نیلام کر دیا۔
عربی نسل ’’عمالیق‘‘ جو دو ہزار قبل مسیح میں فلسطین اور شام سے آ کر مصر پر قابض ہو گئے تھے اس وقت حکمران تھے۔
اپوفیس(Apophis) نامی بادشاہ تھا۔ مصری فوج کے سپہ سالار ’’فوطیفار‘‘ نے بیس درہم(تقریباً ۳۴۰ پاکستانی روپے) میں حضرت یوسفؑ کو خرید لیا۔ قرآن نے خریدار کا تعارف عزیز مصر کے نام سے کرایا ہے۔ عزیز مصر کے معنی ایسے صاحب اقتدار کے ہیں جس کے خلاف کوئی مزاحمت نہ ہو سکے۔ عزیز مصر کسی شخص کا نام نہیں ہے بلکہ ایک عہدے کا نام ہے۔ بائبل اور تلموز کے مطابق (یہ روایت بھی ملتی ہے کہ عزیز مصر شاہی خزانہ کا افسر اعلیٰ تھا) عزیز مصر شاہی محافظوں کا افسر اعلیٰ تھا۔ عزیز مصر نے اپنی بیوی سے کہا!
ترجمہ:’’اس کو اچھی طرح رکھنا بعید نہیں کہ یہ ہمارے لئے مفید ثابت ہو یا ہم اسے بیٹا بنا لیں۔‘‘
(یوسف21)
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 181 تا 182
محمد الرّسول اللہ(صلی اللہ علیہ وسلم) جلد سوئم کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔