پیش لفظ
مکمل کتاب : بچوں کے قلندر بابا اولیاؒ
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=18595
اللہ تعالیٰ نے اس دنیا کو بہت خوبصورت بنایا ہے۔ آسمان پر چاند، ستارے سورج، زمین پر برف پوش پہاڑ، دریا ندی نالے، تالاب، زمین سے گل گل کرتے ہوئے نکلتے چشمے، پوشیدہ معدنیات، اناج پھل سبزیاں، ہرے بھرے درخت، رنگ رنگ پھول، موتیا، چنبیلی، گلاب، چمپا، پھولوں پر تتلیاں، ہرن، بکرے اور اون کا لباس پہنے ہوئے دنبے، گول چھتری نما درخت، سرخ اور ہرے طوطے، چہچہاتی خوبصورت چڑیاں، زمین پر بچھا ہوا سبز گھاس کا قالین اور اس پر کھیلتے ہوئے ننھے منھے بچے، ہر موسم کے رنگ کبھی شدید سردیاں تو کبھی گرم ہوائیں، درختوں سے جھڑتے پتے، جل تھل بارشیں، یہ سب اللہ نے بچوں کے لئے بنائے ہیں اور بچوں کو اللہ بڑا کردیتا ہے۔اللہ تعالیٰ یہ چاہتے ہیں کہ انسان اس دنیا میں ان نعمتوں کو خوش ہوکر استعمال کرے، بہترین زندگی گزارے، اپنے خالق کو پہچانے۔ اللہ کا شکر گزار بندہ بن کر رہے اور دنیا میں سارے انسان مل جل کر رہیں۔ ہم سب حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں اور سب اس رشتے سے بھائی بھائی ہیں۔ سارے دنیا کے آدمیوں کی ہماری ماں امّاں حوّا ہیں۔
یہی وہ تعلیمات ہیں جس کو بتانے کےلئے ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر دنیا میں تشریف لائے اور اللہ ربّ العالمین نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو جہانوں کےلئے آخری پیغمبر بنا کر بھیجا۔ پیغمبری کا سلسلہ جب ختم ہوگیا تو اللہ تعالیٰ نے اپنے نیک بندوں کو دنیا میں بھیجا تاکہ وہ اللہ کے محبوب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو پھیلائیں۔ یہ نیک بندے اولیاء اللہ ہیں۔ اولیاءاللہ کے معنی اللہ کے دوست ہیں۔ حضرت عبد القادر جیلانیؒ، حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ، حضرت نظام الدین اولیاءؒ، حضرت داتا گنج بخشؒ، حضرت لعل شہباز قلندرؒ، حضرت سچل سرمستؒ، حضرت شاہ عبد الطیف بھٹائیؒ اور دوسرے ایسے تمام اولیاء کرام اللہ تعالیٰ کا پیغام دہراتے رہے ہیں۔
با ادب با نصیب بچو!
اللہ کے دوستوں کا ہر لمحہ اللہ تعالیٰ کی یاد میں گزرتا ہے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرتے ہیں۔ ان کے دل اللہ کے نور سے روشن ہوتے ہیں۔ جب ہم اولیاءکرام کے بارے میں پڑھتے ہیں ہمارے اندر بھی نور داخل ہوجاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت بڑھتی ہے۔ علم کی نئی نئی راہیں کھلتی ہیں اور شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔
حضرت قلندر بابا اولیاءؒ اللہ کے دوست ہیں۔ میرے لئے نہایت اعزاز کی بات ہے کہ حضرت قلندر بابا اولیاءؒ میرے روحانی استاد محترم ہیں اور میں نے سولہ سال دن رات اپنے مرشد کی قربت میں گزارے ہیں۔ ان سولہ سالوں میں قلندر بابا اولیاءؒ نے جو کچھ مجھے سکھایا اس میں سے کچھ باتیں آپ کو بتانا چاہتا ہوں۔
قلندر بابا اولیاءؒ کے بارے میں آپ جب پڑھیں گے اور ان کی تعلیمات پر عمل کریں گے تو اپنی زندگی میں نمایاں اچھی تبدیلی محسوس کریں گے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو بزرگوں کی تعلیمات کو سمجھنے اور ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمین
آپ کا ۔۔۔۔۔۔
ابّا جی
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 6 تا 7
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔