یہ تحریر العربية (عربی) میں بھی دستیاب ہے۔
بیداری
مکمل کتاب : تجلیات
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=2980
رات کو جاگنے اور دن میں نیند پوری کرنے سے پرہیز کیجئے۔ خدا نے رات کو آرام اور سکون کے لئے بنایا ہے اور دن کو ضروریات پوری کرنے کے لئے دوڑ دھوپ کرنے کا وقت قرار دیا ہے۔ جو لوگ رات کو دیر سے سوتے ہیں وہ صبح جلدی بیدار نہیں ہو پاتے۔ صبح سورج طلوع ہونے سے پہلے بستر پر سے اٹھ جانا صحت کے لئے انتہائی درجہ مفید ہے۔ آدمی کا کاروبار و معاش میں فراخ حوصلہ اور حاضر دماغ رہتا ہے۔ زیادہ دیر تک سوتے رہنے سے اعصابی اضمحلال واقع ہوتا ہے۔ اعصاب جب بیمار ہو جاتے ہیں تو آدمی سکون کی دولت سے محروم ہو جاتا ہے اور یہ محرومی اس کے اوپر شک اور وسواس بن کر لپٹ جاتی ہے۔ شک اور وسواس سے آدمی خوف زدہ رہنے لگتا ہے اور جو لوگ غم زدہ اور خوف آشنا ہوتے ہیں وہ اللہ کی دوستی سے دور ہو جاتے ہیں۔ رب ذوالجلال نے فرمایا ہے:
اور خدا ہی ہے جس نے رات کو تمہارے لئے پردہ پوش اور نیند کو راحت و سکون اور اٹھ کھڑے ہونے کے لئے بنایا۔ الفرقان 47
اور ہم نے نیند کو تمہارے لئے سکون و آرام، رات کو پردہ پوش اور دن کو روزی کی دوڑ دھوپ کا وقت بنایا۔النبا 9
کیا ان لوگوں نے نہیں دیکھا کہ ہم نے رات بنائی کہ یہ اس میں آرام و سکون کریں اور دن کو روشن۔ بلاشبہ اس میں مومنوں کے لئے سوچنے کے اشارات ہیں۔ النمل 86
جو لوگ آرام طلبی اور سستی کی وجہ سے دن میں خراٹے لیتے ہیں یا لہو و لعب میں مبتلا ہونے کے لئے رات بھر جاگتے ہیں وہ اپنی صحت اور زندگی برباد کرتے ہیں۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 70 تا 71
یہ تحریر العربية (عربی) میں بھی دستیاب ہے۔
تجلیات کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔