مسلمان جنات
مکمل کتاب : احسان و تصوف
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=21304
جنات نے حضورصلی اﷲ علیہ وآلہٖ وسلم کی زبانی قرآن سنا اور ایمان لائے اور کفر و شرک سے توبہ کی۔جنات احکامات ِشرعیہ کے مکلف ہیں بہت سی آیات میں ان کے مکلف ہونے کا ذکر ہے۔
جنات کے بارے میں قرآن حکیم میں ارشادہے:
’’اور جب کہ ہم جنات کی ایک جماعت کو آپ صلی اﷲ علیہ وآلہٖ وسلم کی طرف لے آئے جو قرآن سننے لگے تھے غرض کہ جب وہ لوگ ان کے پاس آپہنچے تو کہنے لگے کہ خاموش رہو پھر جب قرآن پڑھا جا چکا تو وہ لوگ اپنی قوم کے پاس خبر پہنچانے گئے اور کہا! اے بھائیوں ہم ایک کتاب سن کر آئے ہیں جو موسیٰ علیہ السلام کے بعد نازل کی گئی ہے جو پہلے نازل ہونے والی کتابوں کی تصدیق کرتی ہے حق اور راہِ راست کی طرف راہ نمائی کرتی ہے۔اے بھائیو! اﷲ کی طرف بلانے والے کا کہا مانو اور اس پر ایمان لے آؤ۔اﷲتعالیٰ تمھارے گناہ معاف کردے گا اور تم کو درد ناک عذاب سے محفوظ رکھے گااور جو شخص اﷲتعالیٰ کی طرف بلانے والے کا کہنا نہ مانے گا وہ زمین پر خوش اور مطمئن نہیں رہ سکتا اور خدا کے سوا کوئی اس کا حامی نہیں ہوگا ایسے لوگ صریح گمراہی میں ہیں۔‘‘
(سورۂ احقاف آیت نمبر ۲۹ تا۳۲)
جب یہ واقعہ پیش آیا تو منجانب اﷲ آپ کو حکم ملا کہ اسے لوگوں کو سنادیں آپ صلی اﷲ علیہ وآلہٖ وسلم نے یہ سورت پڑھ کر سنائی تاکہ لوگ جان سکیں کہ حضور صلی اﷲ علیہ وسلم جن و انس سب کے لئے مبعوث کئے گئے ہیں۔ تمام انسانوں اور تمام جنات پر فرض ہے کہ اﷲ پر ایمان لائیں اور اﷲ اور اس کے رسول کی اطاعت کریں اور اﷲ کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرائیں۔
جب رسول اﷲ صلی اﷲ علیہ وسلم طائف سے مکہّ واپس آرہے تھے تو آپِ صلی اﷲ علیہ وآلہٖ وسلم نے کھجور کے باغ کے پاس قیام فرمایا۔ تہجدّ کی نفلوں میں قرآن پاک تلاوت کررہے تھے کہ جنات نے قرآنِ حکیم سنا اور آپ صلی اﷲ علیہ وآلہٖ وسلم پر ایمان لے آئے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 89 تا 90
احسان و تصوف کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔