یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔
رنگین خواب
مکمل کتاب : مراقبہ
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=12221
مراقبہ شروع کرنے کے کچھ عرصے بعد طالب علم کو عام طور پر خواب زیادہ واضح نظر آنے لگتے ہیں۔ کبھی یہ سلسلہ نیند کی آغوش میں جاتے ہی شروع ہو جاتا ہے اور پوری رات جاری رہتا ہے۔ قسم قسم کے مناظر نظر آتے ہیں۔ جن میں زیادہ تر پھل دار درخت، پھول، سبزہ زار، پہاڑ، ہری بھری وادیاں، مرغزار، چشمے، دریا، عظیم الشان عمارتیں، خوش الحان اور خوش رنگ پرندے شامل ہیں۔ ایسے خوابوں میں گہرائی اور تفصیلات زیادہ ہوتی ہیں۔ بیدار ہونے کے بعد بھی ان کا اثر باقی رہتا ہے۔
طالب علم رنگین خواب میں دیکھتا ہے۔ ان خوابوں میں عام خوابوں کے برعکس اکثر مناظر رنگین ہوتے ہیں۔ رنگین خواب دیکھ کر طبیعت ہلکی پھلکی اور لطیف ہو جاتی ہے۔ اور اندر سے خوشی، طمانیت اور کیف و سرور کا احساس ابل پڑتا ہے۔ خواب زیادہ اور واضح دیکھنے کی وجہ یہ ہے کہ مراقبہ کی مشق سے آدمی کا رشتہ لا شعور سے مضبوط ہو جاتا ہے اور اس کے شعور پر لاشعوری اطلاعات کا غلبہ ہو جاتا ہے۔ جب خوابوں میں مزید گہرائی پیدا ہوتی ہے تو انسان کو رویائے صادقہ یعنی سچے خواب نظر آنے لگتے ہیں۔ وہ خواب میں جو کچھ دیکھتا ہے کچھ عرصہ بعد بیداری میں من و عن اسی طرح پیش آ جاتا ہے۔ یا جو کچھ اسے خواب میں نظر آتا ہے بیداری میں اس کی تصدیق ہو جاتی ہے۔ خواب اتنے واضح ہو جاتے ہیں کہ ان کو صحیح معانی پہنانے میں دشواری پیش نہیں آتی۔ آدمی خواب میں نظر آنے والے اشاروں کو بخوبی سمجھ لیتا ہے۔
شاگرد جو خواب دیکھتا ہے۔ ان حالات و واقعات کو سامنے رکھ کر استاد شاگرد کی تربیت کرتا ہے اور بہت سے علوم خواب کے ذریعے منتقل کر دیئے جاتے ہیں۔
- استاد اپنی روحانی قوت سے شاگرد کے ذہن کی صفائی کرتا ہے۔ کثافت دھو کر لطافت منتقل کرتا ہے۔
- اور لطافت کا یہ ذخیرہ بتدریج خواب سے بیداری میں منتقل ہوتا رہتا ہے۔
- روحانی استاد خواب کے ذریعے شاگرد کو غیبی دنیا کی سیر کراتا ہے۔
- عالم ارواح میں شاگرد کو انبیاء کرام، اولیاء اللہ اور پاکیزہ نفس حضرات کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔
- ایسے امور مشاہدے میں آتے ہیں کہ بیدار ہونے کے بعد شاگرد انہیں یاد رکھنے پر مجبور ہو جاتا ہے۔
- رویائے صادقہ کے نقوش اتنے گہرے ہوتے ہیں کہ ذہن بار بار انہیں دہراتا ہے۔
اس طرح شعور کو غیبی واردات کو سنبھالنے کی طاقت حاصل ہوتی ہے۔ اور فکر لطیف شاگرد کے اندر زیادہ سے زیادہ وقفے تک دور کرتا ہے۔ عالم رویاء کو بار بار دیکھنے سے شاگرد کی دلچسپی ماورائی علوم کی طرف زیادہ ہو جاتی ہے۔
طالب علم ایسے خواب دیکھنے لگتا ہے جن میں ایسے نمایاں نقوش ہوتے ہیں کہ ان کو سمجھ کر وہ بے شمار پریشانیوں اور بیماریوں سے محفوظ ہو جاتا ہے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 124 تا 126
یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔
مراقبہ کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔