یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔
مذاہب عالم
مکمل کتاب : مراقبہ
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=12195
دنیا میں رائج وسیع مذاہب چار ہیں۔ عیسائیت، بدھ مت، اسلام اور ہندو مت۔ ان تمام مذاہب کی تعلیمات یا ان کے بانیوں کی زندگیوں میں مراقبہ کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ عیسائیت کے ضمن میں حضرت عیسیٰ ؑ کے مراقبے کا تذکرہ کیا جا چکا ہے۔ حضرت عیسیٰ ؑ نے یہ بھی فرمایا ہے کہ:
’’خدا کی بادشاہت تمہارے اندر ہے، اسے اپنے اندر تلاش کرو۔‘‘
حضرت موسیٰ ؑ نے چالیس رات کوہ طور پر غور و فکر (مراقبہ) کیا۔
اسلام اور حضرت محمد الرّسول اللہ علیہ الصلوٰۃ والسّلام کی حیات طیبہ میں غار حرا کے مراقبہ کو ہم بیان کر چکے ہیں۔
بھگوت گیتا اہل ہند کی مقدس کتاب ہے۔ گیتا میں سری کرشن جی اور راجہ ارجن کے وہ مکالمات درج ہیں جو مہا بھارت کی جنگ سے قبل ارجن نے کرشن جی سے کئے۔ اور سری کرشن جی نے بھگوت گیتا کے مطابق ان کے جوابات دیئے۔
راجہ ارجن نے کرشن جی سے پوچھا۔
’’آپ ذہن پر قابو(مراقبہ) حاصل کرنے کی بات کرتے ہیں، آپ خود کو پہچاننے کی بات کرتے ہیں، لیکن میں اپنے ذہن کو بے حد منتشر پاتا ہوں۔‘‘
سری کرشن جی نے فرمایا۔۔۔
’’جو تم کہہ رہے ہو، صحیح ہے۔ لیکن مناسب ذرائع اختیار کر کے، استغناء کا عمل اپنا کر اور مسلسل مراقبہ کے ذریعے منتشر ذہن یکسو کیا جا سکتا ہے۔‘‘
یوگا ہندومت سے ماخوذ ہے۔ دو ہزار تین سو سال پہلے ’’پتا نجلی مہارشی‘‘ نے اپنی کتاب ’’یوگاسوترا‘‘ میں یوگا کا فلسفہ پیش کیا تھا۔ یوگا کی مشقوں میں جسمانی صحت کیلئے ورزشیں اور روحانی صلاحیتوں کو متحرک کرنے کے لئے ’’مراقبہ‘‘ کے بارے میں تفصیلات جمع کی گئی ہیں۔
یوگا سنسکرت زبان کا لفظ ہے۔ جس کے معنی ’’ملنا‘‘ یا ’’ملاپ‘‘ ہے۔
آسن کے معنی ’’بیٹھنا‘‘ ہیں۔
یوگا سوترا سے مراد ورزش ہے۔
یوگا کے آسنوں کی تعداد 84ہے۔ یوگا کے اکثر آسن جانوروں کی حرکات کو دیکھ کر متعین کئے گئے ہیں۔
یوگا ورزشیں جسم میں جسمانی بیماریوں کے خلاف دفاغ کی قوت میں اضافہ کرتی ہیں اور روح میں بالیدگی کا سبب بنتی ہیں۔
مہاتما بدھ کی زندگی میں بھی مراقبہ کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ مہاتما بدھ جب اپنی سلطنت کو خیر باد کہہ کر معرفت اور حقیقت کی تلاش میں نکلے تو آپ نے چھ سال تک سخت ریاضتیں کیں اور بالآخر ’’گیا‘‘ کے مقام پر ایک گھنے درخت کے نیچے مراقبے میں بیٹھ گئے۔ بدھا صاحب مسلسل چالیس دن تلاش حق میں مراقب رہے۔ شیطانی قوتوں نے طرح طرح کے روپ میں ظاہر ہو کر خلل اندازی کی لیکن آپ ثابت قدم رہے۔ روایت کے مطابق انتالیسویں رات آپ کو گیان مل گیا۔ اور معرفت کی روشنی ظاہر ہو گئی۔ مہاتما بدھ کی تعلیمات میں جو آٹھ بنیادی نکات بیان کئے جاتے ہیں ان میں آٹھواں نکتہ فکر کی پاکیزگی اور مراقبہ ہے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 107 تا 109
یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔
مراقبہ کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔