یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔
تصنیفات
مکمل کتاب : تذکرہ قلندر بابا اولیاءؒ
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=5475
لوح وقلم
ادارہ روحانی ڈائجسٹ کا یہ فیصلہ مستحسن اور وقت کی اشد ضرورت کی تکمیل ہے کہ اس موقر رسالہ میں قسط وار شائع ہونے والا مضمون ’’ لوح و قلم ‘‘ آموختہ کی شکل میں دوبارہ قسطوں میں شائع کیا جائے گا۔ علوم روحانی سے دل چسپی رکھنے والے قارئین جنہوں نے اس نایا ب ویکتا ئے روزگار سلسلۂ مضامین کا بہ نظر غور مطالعہ کیا ہے ان پر یہ حقیقت ضرور واضح ہوگئی ہوگی کہ یہ کوئی عام طرز کی تصوف یا روحانی تعلیم کی کتاب نہیں ہے بلکہ اس کے مندر جات اپنے روحانی اور معنوی سحر انگیز تاثرات کے ساتھ ساتھ دل ودماغ کے بند او ر کندگوشوں کو کھول کر اور جلابخش کر قدرت کے ان عظیم رازوں کو بھی واشگاف کردیتے ہیں جن پر کسی مروجہ علوم یا سائنس کے تصورات کا عکس بھی اب تک نہ پڑا تھا۔ حضور قلندر بابا اولیاء ؒ کا یہ گراں بہا عطیہ رہتی دنیا تک مشعل ہدایت اور مینارۂ نور کا کام دے گا۔ وہ زمانہ گو ہماری آنکھوں سے لاکھ اوجھل سہی ، عالم غیب میں ضرور پرورش پارہا ہے جو ’’ لوح و قلم ‘‘ کے اسرار و رموز سے روشناس ہوگا۔ اور جب دنیا میں ایک روحانی انقلاب برپا ہوگا اور یقیناً ہوگا تو یہ حاملان علوم سماوی اس انقلاب کے نقیب ہوں گے۔ اس دور کے یہ عظیم قائدین اپنی نورانی اور روحانی قیادت و رہنمائی سے انسانی دل و دماغ کو ایک نئی روشنی اور قوت عطا کریں گے۔ ان کے توسط سے اور ان کی شخصیت کی فیض رسانی کے طفیل ایک ایسا نظام عالم تشکیل پائے گا جس میں موجودہ زمانہ کی نفسانفسی اور خود فریبی کا گزر نہ ہوگا۔
یہ زمانہ جس میں ہم اور آپ یکساں طور پر کش مکش اور ابتلا کی زندگی بسر کررہے ہیں اور جہاں ہر طرف مادیت کی یلغار ہے، بتدریج اپنے انجام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مادیت کی تیز روشنی میں بصارت کی خیرگی اور دل سوزجلن ہے، مگر روح کی لطافت اور بصیرت کی نمی نہیں ہے۔ جس طرح مادیت کو قرار اور دوام نہیں ہے، اسی طرح مادیت کی بنیاد پر جو عمارت تعمیر ہوگی وہ دیریا سویر سے ضرور زمین بوس ہوجائے گی۔ یہ نظام قدرت ہے اور کوئی اس کا توڑ نہیں ۔
حضور قلندر بابا اولیاء ؒ نے ۸۱ سال کی عمر طبعی پائی۔ ان کی بصیرت پرور نگاہوں کے سامنے موجودہ صدی کے روح فرساحادثات اور انقلابات رونما تھے۔ انہوں نے مادی قوتوں کو پروان چڑھتے دیکھا اور اپنی گہری مگر حزن و ملال سے بھری نگاہوں سے مشاہدہ فرمایا کہ انسانیت کس طرح باوجود فراوانی علم و دانش پامال اور درماندہ ہورہی ہے۔ خارجی زینت و آرائش اور عیش کوشی کے پس پردہ داخلی انتشار و اضطراب اور نکبت و فلاکت کا دیوروح و دل کو روند رہا ہے۔ اور راہ نجات اور جائے مفر نظر نہیں آتی ۔ حضور قلندر بابا اولیاء ؒ زمانہ حاضر ہ کے لوگوں کی، خاص طور پر مسلمانوں کی زبوں حالی اور غفلت کوشی اور مرکز گریزی کا ذکر اکثر اوقات نہایت دل سوزی اور قلبی اضطرار کے ساتھ بیان فرمایا کرتے تھے۔ ان کا اصرار تھا بلکہ ان کا مشن تھا کہ مسلمان اپنے آپ کو نیاوی فنون و کمالات سے بلند ترین مقامات پر فائز کرنے کے لئے کوئی دقیقہ نہ اٹھار کھیں۔ مگر اس کے ساتھ یہ حقیقت بھی فراموش نہ کی جائے کہ یہ معاشی اور مادی ترقی اور خوش حالی ہی زندگی کا مقصد اور مدعا نہ قرار دیا جائے۔ بصارت چشم سے زیادہ بصیرت قلب پر فکری اور عملی توجہ مرتکز رہنی چاہئے۔بقول علّامہ اقبال،
دل بینا بھی کر خدا سے طلب
آنکھ کا نور دل کا نور نہیں
اس مشینی دور کے انسان کی مادی ترقی اور روحانی یا باطنی تنزل کا حال عجب فکر انگیز ہے ۔ سربفلک ، پابہ گل، سرپر غررور آسمان کی بلندی سے بھی بلند تر اور پائے ناموس ہلاکت و عدم تحفظ کی دلدل مین دھنسا ہوا۔ ایک بار پھر علامہ اقبال کی طرف رجوع کرنا پڑا۔
ڈھونڈھنے ولا ستاروں کی گزر گاہوں کا
اپنے افکار کی دنیا میں سفر کرنہ سکا
اپنی حکمت کے خم و پیچ میں الجھا ایسا
آج تک فیصلہ نفع وضرر کرنہ سکا
جس نے سورج کی شعاعوں کو گرفتار کیا
زندگی کی شب تاریک سحر کرنہ سکا
ان حوصلہ شکن اور ایمان سوز حالات میں حضور قلندر بابا ؒ کا وجود پاک انسانی ہمدردی اور مشفقانہ رشد وہدایت کے سرچشمہ کی حیثیت سے قدرت کا گراں قدر اور تشکر و احسان مندی کا متقیضی خزانہ تھا۔ مگر افسوس ہماری اس بے حسی اور حق گریزی پر کہ ہم اس ذات گرامی کی نورانی ہدایت اور رہنمائی سے اپنے تاریک دلوں کو منور نہ کرسکے۔ اب جب کہ حضور جسمانی طور پر ہم میں موجود نہیں ہیں ہماریے لئے آپ کی تعلیمات اور ارشادات ہی ایسے ذرائع باقی رہ جاتے ہیں جن سے ہم بقدر ذوق و عقیدت استفادہ کرسکتے ہیں ۔ اگر تلاش حقیقت کی لگن خلوص و نیاز مندی کے ساتھ جاری رہ سکے تو یہ روحانی ذرائع اب بھی رشد و ہدایت کےاس خلاکو کسی حد تک پر کرسکتے ہیں ۔ ان ذرائع میں کتاب ’’ لوح و قلم ‘‘ کو روشن ترین مینارۂ نور کی حیثیت حاصل ہے۔ وقت کا اہم ترین تقاضا ہے کہ اس نسخہ رشد و ہدایت کا بالالتزام اور دل جمعی کے ساتھ مطالعہ کیا جائے اور اس کے مندرجات کو حرزجاں بنالیا جائے۔ پھر آپ دیکھیں گے کہ عالم روحانیت کے اسرار ورموز کے کتنے روشن دریچے کھل کر آپ کے قلب و روح کو لطافت و تازگی بخشتے ہیں اور اس جہان سودوزیاں سے گزار کر کس حسین انداز میں آپ کو کیفیات و احساسات کی اس فضا میں پہنچا دیتے ہیں جہاں نور ہی نور ہے اور جہاں مظاہر قدرت کا عین الیقین کے ساتھ مشاہدہ ’’ نظارہ دامن دل می کشد کہ جا ایں جاست‘‘ کے مصداق آپ کو حیات سرمدی سے ہم کنار کردے گا۔
’’ لوح و قلم ‘‘ کا ابتدائی مسودہ غالباً ۱۹۵۷کے دوران حضور قلندر بابا ؒ نے لکھوانا شروع کیا اور کم و بیش دوسال میں تھوڑا تھوڑا کرکے مکمل ہواتھا۔ یہ اعزاز و شرف محترم خواجہ شمس الدین عظیمی کو حاصل ہے کہ اس کتاب کی ایک ایک سطر حضور قلندر بابا ؒ کے ارشادات پر مشتمل بطرز املا نویسی تحریر کی گئی ہے۔ راقم الحروف کی درخواست پر خواجہ صاحب نے الہامی ارشادات کی حامل اس کتاب کی ترتیب و تشکیل کا پس منظربتایا۔ حضور قلندر باباؒ اس دور میں خواجہ صاحب کے موجودہ مکان و اقع ناظم آباد میں مقیم تھے۔ عموماً ہرروز شام کے بعد عقیدت مند اور احباب حاضر خدمت ہوکر حضور ؒ کے ارشادات اور تعلیمات سے مستفیض ہوتے تھے۔ ان نشستوں میں عالم روحانیت کے اسرار و رموز بھی بیان ہوتے تھے اور حاضرین اپنے اپنے مسائل اور مشکلات بھی پیش کرتے تھے جنہیں حضور اسی شفقت و توجہ سے سنتے تھے جس دل جمعی کے ساتھ وہ عالم روحانیت کے مضمرات و مقامات اپنے مخصوص انداز میں بیان کرتے تھے۔
ان ہی روزانہ کی نشستوں میں حضور قلندر بابا ؒ بعض اوقات عالم اسلام کی زبوں حالی اور فکری انتشار پر اپنے احساسات کا اظہار فرمایا کرتے تھے۔ اسلامی ممالک کے زوال کے بعد برصغیر کے مسلمان مایوس کن حالات کا شکار ہوچکے تھے جبکہ اغیار اپنی علمی اور عملی منتشرقوتوں کو یکجا کرکے اپنے مستقبل کے لئے ترقی اور استحکام کے اسباب فراہم کررہے تھے۔ مسلمانوں میں جو اس بگڑتی ہوئی صورت حال سے متفکر اور پریشان تھے انہوں نے خانقاہوں اور رجعت پسندی میں پناہ تلاش کی اور عملی دنیا سے یکسر کنارہ کش ہوگئے۔ عامتہ الناس افراتفری کا شکار ہوکر مالی اور ذہنی بھنورمیں گھِر کر کہیں کے نہ رہے۔ رہی سہی کسر جنگ آزادی ۱۸۵۷کی ناکامی نے پوری کردی۔ اس کا سارا خمیازہ مسلمانوں کو بھگتنا پڑا جس کے دور رس نتائج سے مسلمانان ہند عرصہ دراز تک نہ پنپ سکے۔ اسلام اور اسلام کے نام لیوا ہر جہت سے ابتلا اور آزمائش میں گرفتار تھے۔یہاں ان تاریخی عوامل کا اعادہ منظور نہیں ہے مگر اس کے باوجود اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں ہے کہ ان دردو کرب کی گھڑیوں میں اگر کہیں جائے پناہ تھی تو ان ہی خانقاہوں میں اور اگر کہیں سے ہدایت و رہنمائی کے اسباب مہیا ہونے کے امکانات تھے تو ان ہی صاحبان بصیرت اور دل درد مند کے مالک بزرگوں کے سایہ عاطفت میں تھے۔مگر یہاں بھی بہت کچھ اصلاح و تنظیم کا فقدان تھا یعنی رشد و ہدایت کے ذرائع یا تو دیرینہ روایات تھیں یا علم سینہ۔ تصوف یا روحانی علوم کے ماخذ بزرگان سلف کے ارشادات ملفوظات کی شکل میں جمع تھے جن کا بیشتر حصہ ارکان واحکام کی تعلیمات پر مبنی تھا۔ ان میں بھی روایات اور سواسخی واقعات نمایاں تھے۔ سال پر سال گزرتے گئے مگر مسلمانوں میں نفوذ کردہ جمودنے کروٹ ہی نہ لی۔ سائنسی علوم اور ان کے زیر اثر مادی ترقی نے جو نئی راہ عمل کھول دی تھی وہ محض مادی علوم اور مادی ترقی کی راہ تھی۔
اسلام ایک مکمل اور جامع نظام حیات ہونے کی بنا پر نہ تو مادی علوم کے لئے سدّراہ ہے اور نہ مادی ترقی و فروغ کی حوصلہ شکنی کرتاہے۔ اس کے برخلاف اسلام دنیاوی فروغ اور خوش حالی کو تکمیل حیات کا ذریعہ قرار دیتا ہے مگر اس کے ساتھ اس کا یہ بھی تقاضا ہے کہ مسلمان اسلام کا مخلص پیرو کار ہونے کا دعویدار ہوکر محض دنیاوی آسائش و آرائش کا دلدادہ ہوکر نہ رہ جائے۔ بلکہ اس کی زندگی کا معتدبہ حصہ باطنی اصلاح و فروغ پر بھی مشتمل ہونا ضروری ہے۔ یہی حقیقی مقصد حیات ہے اور اسی کی بنیاد پر کامرانی جاوداں کا انحصار ہے۔
حضور قلندر بابا ؒ کے پیش نظر ایک جامع اور قابل عمل مجموعہ علوم کا کتابی صورت میں یکجا کرکے امتِ مسلمہ کو عالم روحانیات کے اسرارورموز سے روشناس کرنا تھا۔ حضور فرمایا کرتے تھے کہ چودہ سو برس گزرنے جانے کے بعد بھی روحانی شعبہ حیات میں ماورائی علوم کے سمجھنے اور اس پر دسترس حاصل کرنے کی غرض سے سلسلہ وار اسباق و ہدایات ایک جامع شکل میں پیش نہ کئے جاسکے۔ اس کا قدرتی نتیجہ یہ ہے کہ علوم روحانیت کے شیدائیوں اور صفائے قلب و روح کے متمنی افراد کے لئے کوئی ایسی کتاب موجود نہیں ہے جس میں تخلیق و تکوین کائنات کے اسرار و مقامات کی عام فہم زبان میں نشان دہی کی گئی ہو اور جس کے توسط سے اہل عقیدت صحیح روحانی اور ماورائی علوم سے آگاہی حاصل کریں ۔ اس راہ کا ہر راہی کچھ دور چل کر تھک ہارکر مایوس ہوکر بیٹھ جاتا ہے۔
تھک تھک کے ہر مقام پہ دوچاررہ گئے
تیرا پتہ نہ پائیں تو ناچار کیا کریں
ان ہی احساسات و جذبات کے تحت حضور قلندر بابا ؒ نے فیصلہ کیا کہ اہل بصیرت اور حقیقت کے متلاشی لوگوں کی ہدایت و رہنمائی کے لئے علوم روحانیات میں کار فرما اصول و ضوابط کو عام فہم زبان میں کتا بی شکل میں پیش کردیا جائے۔ اس بلند پایہ اور عام ڈگر سے ماورا مقصد کی تکمیل کے لئے اور مجوزہ کتاب کو ضبط تحریر میں لانے کے لئے حضور والا کی نگاہ انتخاب خواجہ صاحب پر پڑی اور یہ طے پایا کہ حضور روزانہ شب کی آخری تہائی میں خواجہ صاحب کو ڈیڑھ دوگھنٹے روزانہ کے ارشادات بطور املا نویسی تحریر کرائیں گے ۔ جنہیں خواجہ صاحب ایک ضخیم کاپی یا رجسٹر میں رواں شکل میں جمع کرتے جائیں تا آنکہ ایک مکمل کتاب کا مسودہ تیار ہوجائے۔ چنانچہ اس پروگرام پر بہت جلد باقاعدگی سے عمل شروع ہوگیا۔
اس مقصد کے لئے آخری تہائی حصّہ شب کا انتخاب جتنا معنی خیز ہے اتناہی سحر انگیز بھی۔ یہی وہ ساعتیں ہیں جب نسیم سحر کے لطیف و جانفزا جھونکے مضبوط اعصاب کو محواستراحت رکھنے پر قادر ہوتے ہیں ۔ اور یہی وہ متبرک اور فیض آگیں لمحات ہیں جب مقربان الٰہی اور دل بیدار و نفس مطمئنہ کے مالک گرام و گدازبستروں کو خپرباد کہکر خالق کائنات سے مصروف راز و نیاز ہوجاتے ہیں ۔ ان ہی مقدس اور فیض آثار ساعتوں میں ارضی و سماوی امور طے پاتے ہیں جن پر یہ مقربین بارگاہ شاہد ہوتے ہیں اور حاملان عرش ان کی تائید و تصدیق میں کلمات تحسین ادا کرتے ہیں ۔ یہ صبح خیزی اور ان لطیف و نرم لمحوں میں خالق کائنات کی حمد و ثنا کے ساتھ تخلیق کائنات میں تدبر اور تفکر جیسی لازوال اور بیش بہا نعمتیں اہل نصیب ہی کا مقدر ہوسکتی ہیں ۔
یہ رتبہ بلند ملا جس کے تھا نصیب
ان لطف آگیں ساعتوں میں جو رات دن کے چوبیس گھنٹوں میں روح پر ور ترین ساعتیں ہوتی ہیں مقربین بارگاہ ایزدی کا پنے پہلو بستروں سے علیحدہ کرکے یاد الٰہی میں مصروف ہونا اللہ تعالیٰ کا خاص فضل اور توفیق ہے۔ اس کے صلے میں حاصل ہونے والے انعام و اکرام پر خود قرآن کریم بھی گواہ ہے۔
ترجمہ : ’’ان کے پہلو خواب گاہ سے علیحدہ ہوتے ہیں اس طور پر کہ وہ لوگ اپنے رب کو امید سے اور خوف سے پکارتے ہیں (مصروف عبادت رہتے ہیں ) اور ہمارے عطا کردہ رزق میں سے خرچ کرتے ہیں ۔ کسی ذی روح کو (مطلق) خبر نہیں ہوتی کہ ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک کے کیسے کیسے سامان ایسے لوگوں کے لئے خزانہ ءغیب میں موجود ہیں ۔ یہ ان لوگوں کے اعمال کا صلہ ہے۔ ‘‘
(سورہ السجدہ ، آیات ۱۶۔۱۷ )
جب تحریر و تذکیر کا پروگرام طے پاگیا تو ٹھیک ساڑھے تین بجے شب حضور قلندر باباؒ اور خواجہ صاحب دیگر محو خواب افراد خانہ سے علیحدہ ہوکر ایک کمرہ میں یکسوئی اور خاموشی کے عالم میں بیٹھ جاتے تھے۔ حضور قلندر باباؒ اپنے نرم رو لہجہ میں سلسلہ کلام جاری رکھتے تھے۔ اور خواجہ صاحب ہمہ تن گوش ہوکر سر جھکائے کاغذ و قلم پرنظر جمائے لکھتے جاتے تھے۔ جب کسی مقام پر خواجہ صاحب کا ذہن رک جاتا اور وہ سوالیہ نظروں سے حضور کی طرف دیکھنے لگتے تھے تو حضور اسی دھیمے فہم آموز لہجہ میں وضاحت فرمادیتے یا نقشہ بناکر عالم تکوین کے مقامات کی نشاندہی کردیتے ۔ خواجہ صاحب مطمئن ہوجاتے اورپھر اس کے بعد ان کا قلم رواں ہوجاتا۔ تقریباً دو گھنٹے کی املا نویسی اور وضاحت و اشارت کے بعد اس روز (شب) ک حصہ ختم ہوجاتا اور اگلی شب اسی ساعت پر اور اسی ذہنی و مادی سازوسامان کے ساتھ پھر نشست ہوتی اور اس نشست کا متعین حصہ پورا کرلیا جاتا۔
خواجہ صاحب فرماتے ہیں کہ کبھی کبھی اول شب میں مصروفیت یا دن بھر کے کام کاج کے سبب نیند کا غلبہ ہوجاتا اور وقت مقررہ پر آنکھ نہ کھلتی تو حضور خود ان کو بیدار کردیتے تھے۔ یہ عجیب انکشاف بھی خواجہ صاحب نے کیا کہ دوران تحریر ان کو نیند آجاتی تھی تو حضور آہستگی کے ساتھ ہوشیار کردیتے تھے۔ دریافت کرنے پر معلوم ہوا کہ کبھی ان کے ذہن و دماغ پر ایک خمار کی کیفیت طاری ہوجاتی تھی اور ان کا قلم رک جاتاتھا اور کبھی واقعی تکان کے سبب نیند کا غلبہ ہوجاتا تھا مگر کسی حالت میں بھی اس الوہیت بداماں پر وگرام میں کسی قسم کا تغیر و تبدل نہ ہوا اور نہ تقدیم و تاخیر کو روا رکھا گیا۔ کم وبیش دوگھنٹے کی طولانی نشست میں موسم کی گرم و سرد ستم ظریفی بھی کبھی آڑے نہ آئی۔ خواجہ صاحب جب ان روح پر ور اور دل کشا لمحوں کو یاد کرتے ہیں تو ان پر کیف و سرور کی لہر چھا جاتی ہے۔ کہتے ہیں تقریباً دوسال تک پھیلے ہوئے طویل لمحات اتنی تیزی سے بیت گئے کہ گویا ایک ہی نشست تھی جو پلک جھپکتے برخاست ہوگئی۔
خواجہ صاحب بجا طور پر اس سعادت و خدمت پر ناز کرتے ہیں کہ ’’لوح و قلم ‘‘ کا ایک ایک لفظ ان کے قلم سے ضبط تحریر میں آیا ہے۔ بات صرف اتنی نہ تھی کہ حضور قلندر باباؒ اپنی زبان فیض بار سے ارشاد فرماتے تھے اور خواجہ صاحب ا ن کے ارشادات کو لکھتے جاتے تھے اور افہام و تفہیم کا سوال نہ تھا۔ یہ نہیں، بلکہ حضور جو نکتہ بھی بیان فرماتے اس کی تشریح و وضاحت مثال اور جدول کے ذریعے بھی کرتے جاتے تھے جس میں ملاء اعلیٰ کے مقامات تجلیات و انوار کا محل و قوع اور ان کے توسط سے دنیائے زیریں پر مرتب ہونے والے آثار و تاثرات بھی واضح کردیتے تھے۔ اس طرح خواجہ صاحب کے لوح ذہن پر لوح محفوظ اور مقامات سماوی کا خاکہ اب تک موجود ہے۔ یہ وہ خصوصی فیض و کرم ہے جس سے خواجہ صاحب نوازے گئے ہیں ۔ اور وہ تشکر و احسان مندی کا جس قدر اظہار کریں کم ہے۔
جب کتاب مکمل ہوگئی اور اس پر نظر ثانی فرماکر حضور قلندر بابا اولیاء ؒ نے اس میں ضروری تصحیح و ترمیم بھی کردی تو اس کی طباعت کا مسئلہ درمیان آیا۔ فیصلہ کیاگیا کہ مالی اور طباعتی مشکلات کے پیش نظر اس کتاب ’’ لوح وقلم‘‘ کی طباعت واشاعت کا مسئلہ سردست ملتوی رکھاجائے اور فوری طور پر اس تصحیح شدہ مسودہ کی مزید نقلیں اردو ٹائپ رائٹر پر تیار کرکے متوسلین اور معتقدین کے پاس محفوظ رکھ دی جائیں تاکہ اس نادر و نایاب نسخہ کے گم یا ضائع ہوجانے کا احتمال بھی نہ رہے اور مزید نقلوں کے ذریعے اس کا حلقہ مطالعہ وارادت کسی قدر وسیع ہوجائے۔ اور بوقت ضرورت ان نقلوں سے سند کا کام بھی لیاجائے۔
اس طرح کائنات کی تخلیق وتکوین کے اسرار ورموز پر مشتمل یہ معرکتہ الآرا تصنیف حضور قلندر بابا اولیاءؒ کے ذہن الوہیت رسا کے توسل سے معرض وجود میں آگئی۔ جیسا کہ خود حضور فرمایا کرتے تھے روحانی دنیا کے علوم و کوائف پر مشتمل یہ پہلی مربوط و مبسوط تصنیف ہے۔ اس کتاب کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ اس میں پیش کردہ رموز و حقائق انتہائی سادہ اور ذہن نشیں پیرایہ میں بیان کئے گئے ہیں حالانکہ تخلیق کائنات میں کار فرماعوامل اتنے دقیق اور وسیع ہیں کہ عام انسانی ذہن اس کا احاطہ نہیں کرسکتا۔ مگر حضور کے طرز بیان میں پوشیدہ سلاست و سادگی کا یہ اعجاز ہے کہ ایک متجسس اور مخلص قاری کا ذہن کہیں کسی مقام پر نہیں رکتا ( البتہ یہ ضرور ہے کہ اس کے مندرجات کو مستقل طور پر ذہن نشین کرنےاور اس کی جزئیات اور تفصیل پر عبور حاصل کرنے کے لئے تائید ربی اور مرشد کامل کا تقرب ضروری ہے۔ یہ علیحدہ بحث ہے اور اس پر اہل بصیرت ہی اظہار خیال کرسکتے ہیں)۔ اگر نثر میں سہل ممتنع کی اصلاح کا استعمال بار خاطر نہ ہوتو اس مختصر مگر جامع تصنیف کو اس صنعت کلام کا شاہکار قرار دے سکتے ہیں ۔
زبان تسنیم و کوثر میں دھلی ہوئی اور روز مرہ کی چاشنی لئے ہوئے چشمہ رواں کے پانی کی طرح لطیف و ہموار، دل و دماغ کو فرحت و تازگی بخشنے والا۔ مندرجات و مشتملات کے سمجھنے میں کوئی دقت محسوس نہ ہو مگر جب آپ اس میں پیش کردہ اسرار ورموز کی گرہ کشائی کرنا چاہیں تو روح و قلب اضطراری کیفیت کا شکار ہوجائیں کہ کاش کسی شارح اسرار الٰہی کی دستگیری میسر ہو کہ اس خوش نما سیپ میں بندگو ہر نایاب کی جھلک ہی دکھائی دے جاتی۔ اگر آپ اس روحانی تصنیف سے ادبی شاہکار کی حیثیت میں محض عقل و ذہن سے کام لینا چاہیں گے تو آپ کو کوئی دقت محسوس نہ ہوگی بلکہ آپ اس کے طرز بیان اور انداز تشریح و توضیح کی جاذبیت سے متاثر ہوکر عش عش کہہ اٹھیں گے مگر جب آپ اسرار کائنات کے بحرنا پیدا کنار میں غوطہ زنی کا ارادہ کریں گے تو قدم اول ہی میں دم گھٹنے لگے گا۔
بات واضح ہے کہ علوم عالم روحانی کی یہ تصنیف ذہن و دماغ سے روح بیدار اور قلب مضطرب کی کاوشوں کی متقاضی ہے۔ یہاں سہل انگاری اور تغافل عارفانہ کی نہیں بلکہ اس تڑپ اور جہد مسلسل کی ضرورت ہے جس کا صلہ جادۂ منزل کی نشان دہی یعنی ہدایت ربانی ہے اور جس کی نوید قرآن کریم میں دی گئی ہے۔
’’ جو لوگ ہماری راہ میں ( مستقل مزاجی کے ساتھ) جدوجہد کریں گے ہم ان پر اپنی ذات کی معرفت (ہدایت) کی راہیں کھول دیں گے۔‘‘
(العنکبوت۔آیت ۶۹)
حضور قلندربابا ؒ اس کتاب ’’ لوح و قلم ‘‘ کی نسبت غیر مبہم انداز میں فرماتے تھے کہ جو شخص کھلے اور بے لوث ذہن و قلب کے ساتھ خدا رسائی کی پر خلوص نیت سے اس کتاب کا مطالعہ جاری رکھے گا تو اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ایسے غیبی اسباب پیدا کردے گا جن کے طفیل اس کا دل حاجات دنیوی سے مستغنیٰ اور اس کی روح کشف و وشہود کی روحانی دولت سے مالا مال ہوجائے گی۔
مادر پیالہ عکس رخ یار دیدہ ایم
اے بے خبر زلذت شرب دوام ما
تحریر : پروفیسر شیخ فقیر محمد
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 116 تا 127
یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔
تذکرہ قلندر بابا اولیاءؒ کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔