یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔
مستقبل سے متعلق خواب
مکمل کتاب : مراقبہ
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=12271
خواب:
مراقبہ کے بعد سو گئی۔ خواب میں دیکھا کہ میں اپنی نانی کے گھر میں ہوں اور آسمان کو دیکھ رہی ہوں۔ وہاں آسمان پر ستارے خوب روشن ہیں۔ ایک ستارہ جو بہت روشن سرخ رنگ کا ہے، میں اسے بہت غور سے دیکھ رہی ہوں کہ اچانک وہ ٹوٹ کر میرے قدموں میں آ گرتا ہے۔ سب حیران ہوتے ہیں پھر وہ ستارہ سرمئی رنگ کا پیالہ بن جاتا ہے۔ ایسا لگتا ہے جیسے یہ پیالہ بہت مقدس اور پرانا ہے۔
تعبیر:
خواب مستقبل سے متعلق ہے۔ ازدواجی زندگی اچھی گزرے گی اور ننھیال کے رشتے سے کوئی روح جسمانی خدوخال میں جلوہ گر ہو کر خاندانی عظمت کا سبب بنے گی۔ خدا کرے کہ خواب کے مطابق عمل ہو جائے اور خاندانی اختلافات آڑے نہ آئیں۔
خواب:
پچھلے ایک ماہ سے رات سونے سے قبل مراقبہ کر رہا ہوں۔ اس دوران میں نے کئی خواب دیکھے۔
- میرے اباجی کے پاس سفید لباس میں ملبوس ایک شخص آیا۔ نہایت خاموشی کے ساتھ الماری میں سے بہت سارے کاغذات نکالے اور جیب میں رکھ کر چلا گیا۔ میرے والد نے بھی اس نووارد سے کوئی بات نہیں پوچھی اور ان کی آنکھ کھل گئی۔
- میں نے خواب میں دیکھا کہ شہر سانگھڑ میں نواب شاہ روڈ پر بہت بڑی مارکیٹ بن کر تیار ہو گئی ہے۔ میں اس مارکیٹ کو دیکھ کر حیران ہو رہا ہوں۔ میری خواہش ہے کہ میں مارکیٹ کو اندر سے اوپر چڑھ کر دیکھوں اس ہی خیال میں میری آنکھ کھل گئی۔ صبح اٹھ کر اس سڑک پر گیا کہ مبادا راتوں رات عمارت بن گئی ہو مگر وہاں کوئی عمارت نہیں تھی۔
تعبیر و تجزیہ:
پہلے خواب میں کاغذ کے ٹکڑے آمدنی کے تمثلات ہیں۔ جو عنقریب خلاف امید حاصل ہونے والی ہے۔ یہ رقم کافی بڑی ہو گی۔ دوسرا خواب بھی اسی خواب کا اعادہ ہے جس کا مطلب ان ذرائع کا فراہم ہونا ہے جو مالی منفعت کا باعث بنیں گے۔
خواب:
روز رات کو باقاعدگی سے مراقبہ کرتا ہوں۔ گذشتہ رات مراقبہ کر کے سو گیا تو دیکھا کہ ہم چار دوست جہاز میں کہیں جا رہے ہیں۔ جہاز کا کپتان میں ہوں۔ یکایک سمندر خشک ہو گیا اور ایک جزیرہ نما ٹیلے پر رک گیا۔ ہم دوست حیران ہو رہے ہیں کہ اچانک خشکی کس طرح آ گئی اور اب جہاز کس طرح چلے گا۔ ایک نے کہا بارش ہو گی، پانی جمع ہو جائے گا اور پھر جہاز چلے گا۔ تھوڑی دیر کے بعد آسمان پر بادل چھا گئے۔ تیز ہوا چلنے لگی، بادل آپس میں ٹکرائے اور آسمان میں بجلی چمکی اور پھر بارش ہونے لگی۔ پانی اتنا برسا کہ خشک سمندر جل تھل ہو گیا اور میں وہاں سے جہاز نکال لایا۔
تعبیر و تجزیہ:
چار دوست تمثل ہے کئی ارادوں کا جو ذہن میں مرکوز ہو گئے ہیں۔ یہ ارادے کسی ایک مقصد سے تعلق رکھتے ہیں ،کیونکہ سب کو ایک جہاز میں دیکھا گیا ہے۔ ان ارادوں پر عمل پیرا ہونے میں شدید رکاوٹ پیش آئی اور مایوسی کی حد تک حالات دگرگوں ہو گئے۔ پھر غیب سے مدد ہوئی اور حالات نسبتاً بہتر ہو گئے۔ یہ سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے۔ حالات دگرگوں ہونے کے بعد غیب سے مدد ہوتی ہے۔ بارش غیب کا استعارہ ہے۔ آخر میں ٹیلہ پر سے جہاز کو چلا کر لے آنا منزل کی طرف راستے کھل جانے کا اشارہ ہے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 144 تا 147
یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔
مراقبہ کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔