یوم
مکمل کتاب : قدرت کی اسپیس
مصنف : حضور قلندر بابا اولیاٗ رحمتہ اللہ علیہ
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=22
اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتا ہے کہ میں نے دنیا کو چھ یوم میں پیدا کیا ہے۔ یوم کے معنی کیا ہیں۔ یوم حقیقت میں (ILLUSION) نظر کے دھوکے کو کہتے ہیں۔ اس کے دو حصے ہوتے ہیں۔ (CONCEPT) یعنی خیال اور دوسرا (CHROMOSOME) جسم۔ یہ دو حصے چھ حصوں میں بٹ جاتے ہیں۔
۱۔ وہم
۲۔ خیال
۳۔ علم
۴۔ حرکت
۵۔ عمل
۶۔ نتیجہ
کائنات کی تمام حرکت اس محور کے ارد گرد گھومتی رہتی ہے۔
تمام کائنات، جانور، نباتات، ندیاں، نالے، پہاڑ زمین سب اس میں آ جاتے ہیں۔ یہ تمام چیزیں مختلف ہواؤں کی بنی ہوئی ہیں۔ ان ہواؤں کو ہم برقی رو یا بجلی کا بہاؤ (ELECTRIC CURRENT) سمجھیں یہ بہاؤ ایسا ہے جو جمادات، نباتات، حیوانات وغیرہ کا ایک دوسرے سے رشتہ قائم رکھتا ہے۔
یہ بہاؤ ہر شئے میں کام کر رہا ہے۔ یہ بجلی کا بہاؤ برقی رو سب کی زندگی ہے۔ یہ برقی رو روشنی ہے جو ایک طرف آنکھ کے ذریعے دماغ کے پردے کے اوپر اپنا عکس ڈالتی ہے اور دوسری طرف ہماری آنکھوں کے سامنے جو کچھ ہوتا ہے وہ عکس بن جاتا ہے حالانکہ اس منظر کو ہم دماغ کے پردے پر دیکھتے ہیں اور جو منظر ہم دیکھتے ہیں وہ اسی برقی رو کا حصہ ہے جس کے ذریعے ہم دیکھتے ہیں۔
دماغ کے خلیوں میں یہی برقی رو گھومتی ہے۔ اور اسی برقی رو کے ذریعے خیالات ایک ذہن سے دوسرے ذہن میں داخل ہوتے ہیں۔ ایک خیال ہو یا مختلف خیالات کا مجموعہ سب اسی برقی رو کے ذریعے احساسات میں جاتے ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ مادہ (خلیہ) کوئی حقیقت نہیں رکھتا بلکہ خلیے برقی رو سے بنتے ہیں۔ اگر کسی انسان کا دماغ نکال لیا جائے تو اس کے سر میں ایک خالی جگہ باقی رہ جائے گی مگر وہ تمام خلئے جس رو کے بنے ہوئے ہیں وہ اپنی جگہ قائم رہے گی اور کام کرتے رہیں گے۔ اس شخص کے احساسات اسی طرح قائم رہیں گے۔ اس کا ثبوت یہ ہے کہ جب کوئی شخص مر جاتا ہے تو اس کی حیثیت آخر میں ایک مائکروفلم کی سی ہو جاتی ہے اور اس شخص کی جو مائکروفلم ہوتی ہے اسے ہم دیکھ نہیں سکتے۔ اس شخص کے سب احساسات قائم رہتے ہیں اور جو کچھ ہم کہتے ہیں وہ سنتا ہے اور جواب بھی دیتا ہے اور دیکھتا بھی ہے مگر بولنے‘ سننے اور دیکھنے کی وہ (WAVE LENGTH) طول موج ہماری فہم تک نہیں پہنچتی۔
ہمارے فہم کے تناسب سے اس کے خیال‘ سامعہ یا باصرہ کی طول موج (WAVE LENGTH) کی فریکوئنسی یا تو بیس (۲۰) سائیکل فی سیکنڈ سے کم ہوتی ہے یا پھر اس کی فریکوئنسی بیس ہزار (۲۰۰۰۰) سائیکل فی سیکنڈ سے زیادہ ہوتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ کوئی چیز ایک جگہ رکتی نہیں ہے یا تو وہ چیز اتنی چھوٹی ہو جاتی ہے کہ ہم اسے دیکھ نہیں سکتے اور ہماری نظر کی (WAVE LENGTH) سے باہر نکل جاتی ہے یا پھر وہ اتنی بڑی ہو جاتی ہے کہ ہماری نظر کے طول موج میں وہ سما نہیں سکتی یا داخل نہیں ہو سکتی۔ طول موج برقی رو کا وہ حصہ ہے جسے ہماری عقل سمجھ سکتی ہے اور جس حصے کو ہماری عقل نہیں سمجھ سکتی اس کی طول موج الگ ہوتی ہے اور وہ بدل جاتی ہے۔ طول موج کے بارے میں ایک بات قابل ذکر ہے کہ فرعون نے مصر میں پیرامڈ (PYRAMID) بنائے ہیں وہ انہوں نے پہاڑوں کو کاٹ کر ایک‘ دو، تین، چار، دس‘ بیس کمروں کی شکل میں بنائے ہیں مگر ان کو بنانے میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ کمرے کی جیومیٹریکل (GEOMETRICAL) شکل ایک جیسی رہے۔ اگر آج بھی کوئی ایسا مکان بنائے جس میں ویولینتھ کی فریکوئنسی ایک جیسی ہو تو اس میں پچاس ہزار سال، ایک لاکھ سال اور دس لاکھ سال تک لاش خراب نہیں ہوتی نہ تو وہ سڑتی ہے اور نہ تو چمڑی سوکھتی ہے بلکہ وہ ویسی ہی رہے گی۔
عقل کبھی واحد نہیں ہوتی۔ وہ دہری (DUAL) ہوتی ہے۔ ایک ظاہر اور ایک باطن۔ ظاہر ہمارے شعور میں آتا ہے اور دوسرا وہ جو ہمارے شعور میں نہیں آتا پھر یہ کہ عقل کے حصہ نہیں ہوتے لیکن اس کا ایک مرکزی نقطہ ہوتا ہے جس کو اکثر لوگ چھٹی حس (SIXTH SENSE) کہتے ہیں۔
یہ چھٹی حس برقی رو کا مرکزی نقطہ ہے۔ دماغ کے ہر خلئے کے مجموعے میں اس کا نقطہ ہوتا ہے۔ نقطے کے معنی یہ کہ دماغ کے ہر خلئے میں روح(CONCEPT) یا (SOUL) ہوتا ہے جو اس برقی رو کا دوسرا حصہ ہے۔ اس حصے میں (رخ میں) ایک دوسرا حصہ یا رخ (CHROMOSOME) مادہ ہوتا ہے جو اڑتالیس (48) نقطے یا اڑتالیس (48) دائروں پر بنا ہوا ہے۔
کروموسوم کی تین اقسام ہیں۔ ایک وہ جو فرشتوں کو (SPIRIT) (جان) سے الگ کرتا ہے، اکیلے بنتا ہے۔ اس کروموسوم میں جنسی خواہش نہیں ہوتی اور وہ روح کے ساتھ ازل میں پیدا ہوا اور روح کے ساتھ ابد تک رہے گا۔ یہ کروموسوم روح کی طرح عام آدمی کی نگاہ کو نظر نہیں آتا۔
دوسرا کروموسوم جنات کا ہے۔ اس میں جنسی خواہش اور تناسل دونوں ہوتے ہیں۔ اس میں فرق یہ ہے کہ جنات بھی عام آدمی کو نظر نہیں آتے اس کروموسوم کی زندگی محدود ہوتی ہے۔
تیسرا کروموسوم انسان کا اپنا ہے۔ اس میں جنسی خواہش اور تناسل دونوں نظر آتے ہیں اس کی زندگی بھی محدود ہوتی ہے اور ساتھ ساتھ وہ نظر بھی آتے ہیں مگر روح نکل جانے کے بعد مٹی میں مل جاتے ہیں۔
حقیقت میں کروموسوم کو بھی (ILLUSION) نظر کا دھوکا کہنا چاہئے اس میں روح چھپی ہوئی ہوتی ہے۔ جو پردے میں رہتی ہے۔ کروموسوم کی نظر اسے دیکھ نہیں سکتی۔ (CONCEPT) روح یا (SOUL) کی نظر البتہ خود کو دیکھ سکتی ہے مگر یہ دیکھنا باطنی ہے۔ باطن (INNER) میں دیکھنے سے مراد مستقبل میں دیکھنا ہے۔ ہر انسان کو اس کا تجربہ ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر ایک تجربہ خواب ہے۔ بہت سے خواب مستقبل میں اس طرح سامنے آتے ہیں جس طرح نیند میں دیکھے ہیں۔ بہت سارے خواب انسان بھول جاتا ہے۔ اکثر خواب اس طرح دیکھتا ہے جنہیں وہ سمجھ نہیں سکتا۔ اکثر کواب الٹی شکل میں نظر آتے ہیں۔ خواب کی بھی بہت ساری اقسام ہیں پھر بھی یہ ایک ایسا تجربہ ہے جوباطن میں دیکھنے سے متعلق ہے۔
ایک دوسرا تجربہ کابوس (SOMNAMBULISM) کی بیماری کا ہے جسے عام لوگ بیماری کہتے ہیں مگر حقیقت میں وہ بیماری نہیں ہے۔ لوگ اس لئے ڈرتے ہیں کہ حادثے کا خوف رہتا ہے۔ مثال کے طور پر انسان سو جاتا ہے، نیند میں اٹھتا ہے، کپڑے بدلتا ہے، آفس جاتا ہے، چابی سے آفس کھولتا ہے، کرسی پر بیٹھتا ہے، کچھ نہ کچھ لکھتا ہے اور پھر گھر واپس آتا ہے۔ کپڑے بدلتا ہے، سونے کے کپڑے پہن کر سو جاتا ہے مگر اس کو کچھ معلوم نہیں ہوتا، یاد نہیں رہتا۔ یادداشت اس کا ساتھ نہیں دیتی کہ کیا کیا۔ وہ سب بھول جاتا ہے۔ حالانکہ اس کی یادداشت کے پردے پر سب کچھ ریکارڈ ہو جاتا ہے۔ اگر یادداشت کا فوٹو لیا جائے تو اول سے لے کر آخر تک سب تحریریں ملیں گی۔ ایک تجربہ تو یہ ہوا۔
ایک اور تجربہ دن میں باطن میں دیکھنا ہے جو کہ جاگنے کی حالت میں ہوتا ہے اسے مراقبہ کہتے ہیں۔ اگر انسان کے ذہن کو مراقبہ میں یکسوئی حاصل ہو جائے تو بہت ساری چیزیں نظر آتی ہیں اور وہ اکثر مستقبل کے بارے میں ہوتی ہیں۔ مراقبے میں ایک خاص روشنی جو کہ نور سے ہٹ کر ایک دوسری روشنی ہوتی ہے اس ہی روشنی میں سب کچھ نظر آتا ہے مگر اس کے لئے یکسوئی حاصل ہونا اول شرط ہے۔ یہ بھی باطن میں دیکھنا ہے۔
ایک اور بھی تجربہ ہے کبھی کوئی شخص غیر ارادی طور پر ایک شہر سے دوسرے شہر چلا جاتا ہے۔ ایسی مثالیں بہت ہی کم ہیں مگر ہوتی ہیں۔ ایسا تجربہ باطن میں دیکھنے سے ہوتا ہے۔ ایک وقت کبھی نہ کبھی ایسا تجربہ ہوتا ہے اگر ایسا تجربہ ارادہ کر کے کیا جائے تو اس کے ساتھ شرط ہے کہ انسان آہستہ آہستہ اپنے بدن کو ہلکا کرے جو کہ باطن بینی سے متعلق ہے۔ ہلکا ہوتے ہوتے بدن بالکل ہلکا ہو جاتا ہے جیسا کہ روشنی۔ لیکن اس کے لئے بہت مشق اور ریاضت کی ضرورت ہے پھر انسان اپنے ارادے اور اختیار سے کسی بھی شہر میں جا سکتا ہے چاہے فاصلہ کچھ بھی ہو۔ اس کام میں صرف ایک سیکنڈ (یا وقت کا چھوٹے سے چھوٹا حصہ جو کہ ہم کر سکتے ہوں) لگتا ہے۔ یہ بھی باطن میں دیکھنا ہے۔ دراصل باطن میں دیکھنا سوچ بچار سے ہوتا ہے۔ یہ سوچ انتہائی گہری ہوتی ہے۔ دماغ بہت ہی گہرائی میں کام کرتا ہے اور گہرائی کا تجربہ کرتا ہے۔ جیسے جیسے وہ گہرائی میں جاتا ہے اس کا بدن ہلکا ہوتا جاتا ہے اور غائب بھی ہو جاتا ہے اس کو روحانی اصطلاح میں ’’فتح‘‘ کہتے ہیں۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 9 تا 17
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔