مائی نوریؒ
مکمل کتاب : ایک سو ایک اولیاء اللہ خواتین
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=2774
مائی نوریؒ غیر مسلم خاتون تھیں، حضرت بو علی شاہ قلندرؒ کی بڑی عقیدت مند تھیں۔ آپؒ نے عشق میں گھر بار، عزیز و اقارب کو خیر باد کہہ کر اسلام قبول کر لیا۔ اکثر خواب میں حضرت بو علی شاہ قلندرؒ کی زیارت ہوتی تھی۔ جب عشق اور لگن بڑھی تو خواہش ہوئی کہ قلندر صاحب خواب کے بجائے بیداری میں نظر آئیں۔ قلندر صاحب نے بشارت دی کہ ناگپور چلی جاؤ۔
مائی صاحبہؒ ناگپور پہنچ گئیں۔ حضرت بابا تاج الدینؒ نے مائی نوری کے پہنچنے سے پہلے حاضرین سے فرمایا:
“چلورے ہماری جوگن آ رہی ہے۔”
حضرت بابا تاج الدینؒ اسٹیشن کی طرف روانہ ہوئے اور کچھ فاصلے پر رک گئے۔ مائی صاحبہؒ اسٹیشن سے روانہ ہوئیں۔ جیسے ہی بابا تاج الدینؒ پر نظر پڑی وہیں سے جھکتی ہوئی خدمت میں پہنچی، مائی نوریؒ بالکل نورانی ہو گئی تھیں اور سلسلہ نقشبندیہ میں بیعت تھیں۔
وصال کے بعد مائی نوریؒ کو کراچی کے ایک بہت بڑے بزرگ حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے قریب جگہ ملی۔
حکمت و دانائی
* ہر انسان اپنی سیرت سے پہچانا جاتا ہے، سیرت کی جڑیں اخلاقی قدروں سے نشوونما پاتی ہیں۔
* انسان کے دل میں شخصی تعمیر کا عزم ہو تو عمارت خودبخود کھڑی ہو جاتی ہے۔
* جب انسان باطنی حواس کا ادراک کر لیتا ہے تو خواب اور بیداری دونوں حالتیں اس کے لئے یکساں ہو جاتی ہیں۔
* اللہ والے یا اللہ والی کی پہچان یہ ہے کہ اس کے پاس بیٹھنے سے دل اللہ کی طرف متوجہ ہو جاتا ہے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 211 تا 212
ایک سو ایک اولیاء اللہ خواتین کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔