حضرت عفیرہ العابدؒ
مکمل کتاب : ایک سو ایک اولیاء اللہ خواتین
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=2669
صاحب دل اور صاحب گداز تھیں۔ زیادہ رونے سے بینائی چلی گئی تھی۔ کسی نے کہا “اندھا ہونا بھی کیسی بدنصیبی ہے۔”
آپ نے فرمایا کہ”خدا کے دیدار سے محروم رہنا اس سے بڑی بدنصیبی ہے۔”
ایک دن آپ کے پاس کچھ خواتین آئیں۔ ان میں سے ایک عورت اپنی وضع قطع سے ہندو معلوم ہوتی تھی اور رو رہی تھی۔ آپ نے اسے اپنے پاس بلایا اور رونے کا سبب پوچھا۔ اس نے روتے ہوئے جواب دیا۔”بی بی! میں ہندو ہوں آپ کی بہت تعریف سنی ہے۔ ایک مصیبت میں گرفتار ہوں۔ آپ میرا ایک کام کر دیں۔”
آپ نے فرمایا:
“کیا بات ہے۔ کہو۔”
عورت نے کہا کہ “میرا لڑکا اندھا ہے اس کو روشنی دلا دو۔”
آپ نے جواب دیا۔”میں طبیب نہیں ہوں کسی معالج سے علاج کراؤ۔” عورت نے عرض کیا:
“بی بی! میں اتنا علاج کرا چکی ہوں کہ اب علاج پر سے اعتبار اٹھ گیا ہے۔ میں تو آپ کی دعا لینے کے لئے حاضر ہوئی ہوں۔”
آپ نے اس کے حق میں دعائے خیر کر دی۔ عورت نے بیٹے کو سینے سے لگایا اور خوشی خوشی اپنے گھر چلی گئی۔ لڑکا بھی اس کے ساتھ چلنے لگا۔ ایک جگہ ٹھوکر لگی اور زمین پر گر گیا۔ ماں نے تڑپ کر اسے اٹھایا۔ لڑکے کی غیر معمولی حالت دیکھ کر اس سے پوچھا،”کیابات ہے بیٹا؟” لڑکے نے اپنی دونوں آنکھیں ملیں اور خوشی سے چلایا،
“ماتا جی!
مجھے نظر آ رہا ہے۔ میں دیکھ رہا ہوں۔ میں سب کچھ دیکھ سکتا ہوں۔”
ماں خوشی سے سرشار دوبارہ حضرت عفیرہ العابدہؒ کے پاس پہنچی اور پورا واقعہ سنا کر کہا “میں تو سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ میرے لڑکے کی آنکھیں روشن ہو جائیں گی۔”
حضرت عفیرہؒ نے جواب دیا۔
“روشنی تو اللہ نے دی ہے میں نے تو کچھ نہیں کیا۔ ٹھوکر کھا کر اس کی بینائی گئی تھی ٹھوکر سے ہی واپس آ گئی۔”
حکمت و دانائی
* جس کی آنکھیں اللہ کے دیدار سے محروم ہوں وہ سب سے بڑا بدنصیب ہے۔
* اللہ کو “پیار” سے یاد کرو، جسم و جان میں لطافت بڑھ جائیگی۔
* کام شروع کرنا انسان کا وصف ہے اور اس کی تکمیل اللہ کی مہربانی ہے۔
* کسی کو مایوس نہ کرو۔ پر امید رہو گے۔
* کسی کی دل آزاری نہ کرو۔ فرشتے تمہارے لئے دعا کریں گے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 110 تا 111
ایک سو ایک اولیاء اللہ خواتین کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔