امت الحفیظؒ (حفیظ آپا)
مکمل کتاب : ایک سو ایک اولیاء اللہ خواتین
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=2792
حفیظ آپاؒ کو روحانی تعلیم کے دوران انبیاء کرامؑ ، اولیاء کرامﷺ، ارواح مقدسہ اور سیدنا حضورﷺ کی ذات اقدس کی کئی مرتبہ زیارت ہوئی، قرآن کی کئی سورتیں خواب میں حفظ کرائی گئیں۔
ایک دن تہجد کی نماز ادا کرتے ہوئے گرد و پیش سے بے خبر ہو گئیں اور خود کو کعبہ شریف کے سامنے موجود پایا کعبہ شریف کی عجیب شان تھی۔ پورا بیت اللہ نور اور روشنی تھا، غلاف بھی نور کے تانوں بانوں سے بنا ہوا تھا۔ جس پر زرد رنگ کی روشنی کے نقش و نگار نظر آ رہے تھے، اسی حالت مشاہدہ میں نماز ادا کی اور دعا مانگتے ہوئے بے اختیار منہ سے نکلا:
“میں خدا کا نور دیکھوں گی۔”
یہ کہنا تھا کہ غلاف کعبہ میں حرکت ہوئی اور وہ نظروں سے اوجھل ہو گیا۔ اس وقت ایک ناقابل بیان نظارہ سامنے تھا، کعبہ شریف میں سے روشنی اور نور کی کرنیں تیزی سے نکل رہی تھیں۔ اس تیز اور چمکدار نورانی کرنوں کے درمیان کعبہ کے خدوخال نورانی لکیروں کی طرح نظر آ رہے تھے۔ زبان پر یہ الفاظ تھے
“یا اللہ تیری ذات جمالی اور جلالی شان کا مظہر ہے اگر اس پر حجاب نہ ہوتا تو مخلوق تجلیات کو برداشت نہیں کر سکتی۔”
اس کے بعد ایک نہایت خوبصورت ہاتھ نے ان کے اوپر عطر چھڑکنا شروع کر دیا ایسا لگتا تھا کہ جھلمل جھلمل کرتی چاندنی ان پر برس رہی ہے۔ ان کا وجود کیف و سرور میں ڈوب گیا، منہ سے بے ساختہ یہ الفاظ ادا ہوئے
“سبحان اللہ رسول اللہﷺ کا جلوہ بے مثال ہے اور آپﷺ کا نور بھی کیا نور ہے۔ اس کے بعد انہیں ایک فرشتہ نظر آیا۔”
حکمت و دانائی
* آدم کی اولاد کو جب تک اللہ کی صفات کا علم منتقل نہیں ہوتا وہ سرتاپاشر سے اور صفات کا علم منتقل ہونے کے بعد وہ سرتاپاخیر ہے
* ہم ان ہی وسائل سے استفادہ کرتے ہیں جو ہمارے لئے پہلے ہی سے تخلیق کر دیئے گئے ہیں۔
* غصہ نفرت کو جنم دیتا ہے اور محبت نفرت کو ختم کر تی ہے۔
* جسم روح کے تابع ہے روح جسم کے تابع نہیں ہے۔
* ہر خاتون اور ہر مرد رسولﷺ کی زیارت سے مشرف ہو سکتا ہے۔
* کثرت سے درود شریف پڑھنے سے حضورﷺ کی زیارت نصیب ہوتی ہے۔
* بھرپور طریقہ سے سیرت طیبہﷺ کا مطالعہ کرو جو کام رسول اللہ ﷺنے کیا ہے۔ اس پر صدق دل سے عمل کرو اور جو کام رسول اللہﷺ نے نہیں کیا اسے چھوڑ دو۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 232 تا 233
ایک سو ایک اولیاء اللہ خواتین کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔