زمین پر پہلا قتل
مکمل کتاب : ایک سو ایک اولیاء اللہ خواتین
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=2514
روئے زمین پر پہلا قتل مرد نے کیا۔
قصہ یوں ہے:
آدم و حوا کے دو بیٹے ہابیل اور قابیل تھے۔ ہابیل بھیڑ بکریوں کا چرواہا تھا اور قابیل کسان تھا۔ ایک دن ہابیل نے نذر دینے کے لئے بھیڑ بکریوں کے پہلوٹی کے بچے اللہ کیلئے وقف کئے اور قابیل نے بھی اپنے کھیت کے پھل اللہ کے لئے حاضر کئے۔
اس زمانے میں دستور تھا کہ قربانی کے جانور اور نذر و نیاز کا سامان میدان میں جمع کر دیا جاتا تھا اور جانور کو ذبح کر کے رکھ دیتے تھے۔ آسمان سے ایک شعلہ آتا تھا اور اسے جلا دیتا تھا۔ یہ عمل اللہ پاک کی جانب سے قربانی قبول ہونے کی علامت تھی۔
ہابیل نے جب اپنی بھیڑ بکریوں میں سے قربانی کی تو اسی وقت آسمان سے آگ آئی اور اس کی قربانی کو سوختہ کر گئی مگر قابیل کا ہدیہ اللہ تعالیٰ نے قبول نہیں کیا اور اس کی نذر کو آگ کے شعلے نے نہیں جلایا۔ اس پر قابیل کے دل میں اپنے بھائی ہابیل کی طرف سے حسد اور دشمنی کی آگ بھڑک اٹھی اور اس نے موقع پا کر اسے قتل کر دیا۔
قابیل پریشان تھا کہ اس لاش کو کس طرح ٹھکانے لگایا جائے۔ اس کے اندر سوچنے سمجھنے کی صلاحیت ختم ہو گئی تھی۔ وہ حیران و پریشان بیٹھا تھا کہ ایک کوا آیا، کوے نے چونچ میں کوئی چیز پکڑی ہوئی تھی۔ کوے نے وہ چیز زمین پر رکھی اور اپنے پنجوں سے زمین کو کھودنے لگا۔ قابیل بڑے غور سے یہ سب دیکھ رہا تھا۔ کوے نے زمین کھود کر اس چیز کو گڑھے میں رکھا اور پنجوں سے مٹی بھر دی۔ یہ دیکھ کر قابیل رونے لگا۔
اس نے کہا۔
“اے میرے پروردگار! بے شک میں کوے سے بھی گیا گزرا ہوں۔”
اور پھر اس نے کوے سے مردہ جسم دفن کرنے کا طریقہ سیکھ کر اپنے بھائی کو دفنا دیا۔
قابیل نے جب اپنے بھائی ہابیل کو ناحق قتل کیا تو وہ فطرت سے دور ہو گیا اور اس کی عقل سوچنے سمجھنے سے عاری ہو گئی۔ اس نے کوے کی عقل کا اتباع کیا یعنی قابیل کا شعور ایک کوے کے شعور سے بھی زیادہ کمزور ہے اور قابیل اسفل السافلین میں گر گیا۔
قابیل پہلا مرد ہے جس نے ایک کوے کی عقل کا سہارا لیا۔ قابیل پہلا مرد ہے جس نے زمین پر پہلا قتل کیا۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 26 تا 28
ایک سو ایک اولیاء اللہ خواتین کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔