رنگین بوتلیں اور ٹرانسپیرنٹ شیٹ بنانے کا طریقہ
مکمل کتاب : رنگ و روشنی سے علاج
مصنف : خواجہ شمس الدّین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=9094
اس علاج میں جو دشواری پیش آتی ہے وہ یہ ہے کہ رنگین بوتلیں اور ٹرانسپیرنٹ رنگین کاغذ دستیاب نہیں ہوتے۔ اس مفت اور یقینی علاج سے فائدہ اٹھانے کے لئے کاغذ کو رنگین بنانے کا طریقہ یہ ہے:۔
لکڑی کے سوا کسی بھی چیز کی بنی ہوئی ایک ٹرے لیں جس کی لمبائی ڈیڑھ یا دو فٹ اور چوڑائی ایک فٹ یا کچھ زیادہ ہو۔ ٹرانسپیرنٹ شیٹ جس رنگ کا رنگنا ہو وہی رنگ آدھا تولہ یا جتنا مناسب سمجھیں لے لیں۔ اس کو ایک ٹین کے ڈبے یا برتن میں جس میں تقریباً ڈیڑھ پاؤ پانی آجائے پانی اور رنگ ڈالکر آگ پر رکھ دیں۔ جب دو تین ابال آجائیں اتار لیں۔ ٹرے کو ہموار جگہ پر رکھ کر اس میں رنگ ڈال دیں۔ اگر ٹرے میں رنگ ڈیڑھ انچ بھر گیا ہے تو ٹھیک ہے ورنہ اس میں اور پانی ڈال دیں۔ اس کے بعد ایک بغیر رنگ یعنی سفید ٹرانسپیرنٹ شیٹ لے کر اس کے چار حصّے کر لیں اور ایک حصّہ رنگ میں ڈال دیں تاکہ وہ اوپر نیچے سے رنگ میں اچھی طرح ڈوب جائے اور اوپر کی سطح خشک نہ رہے۔ کاغذ کا ٹکڑا پورا نہ آئے تو اس کو دُہرا کرلیں لیکن کاٹیں نہیں۔ اس کے بعد دوسرا حصّہ بھی اچھی طرح ڈبو کر پندرہ منٹ تک اسی حالت میں پڑا رہنے دیں۔ اب شیٹ کو نکالے بغیر رنگ کو واپس ڈبے میں ڈالکر محفوظ کرلیں۔ یہ رنگ اگر خشک ہوجائے تو پانی ملاکر دوبارہ کام میں لایا جاسکتا ہے۔ رنگ کو ڈبے میں ڈالنے کے بعد ٹرے میں دو تین مرتبہ صاف پانی ڈالکر ٹرانسپیرنٹ کاغذ کو اچھی طرح دھولیں تاکہ جو رنگ اترنا ہے وہ اتر جائے۔ اگر صابن سے دھونا چاہیں تو پہلے پانی میں صابن ملالیں۔ پھر شیٹ اس میں ڈالکر دھولیں۔ پھر ایک اخبار لے کر شیٹ کو اس کے اندر رکھ دیں تاکہ اخبار میں تمام پانی جذب ہوجائے۔ ٹرانسپیرنٹ شیٹ کو دھوپ میں ہرگز نہ سُکھائیں۔ ہو سکے تو لکڑی کے تین یا دو انچ موٹے رول پر اس کو اسی حالت میں لپیٹ دیں۔ اگلے دن آپ یہ کاغذ استعمال کرسکتے ہیں۔ اگر شیٹ پر شکنیں پڑجائیں تو بھی کوئی ہرج نہیں۔ بوتل یا شیشی پرلپیٹ لیں گے تو شکنیں خود ہی غائب ہو جائیں گی۔ اس طریقے سے آپ جتنے رنگ کے ٹرانسپیرنٹ شیٹ رنگنا چاہیں رنگ سکتے ہیں۔ مثلاً بینگنی رنگ، جامنی رنگ، ہرا، نیلا، سبز، عنابی، پیلا، نارنجی وغیرہ سب رنگ آسانی کے ساتھ تیار ہو سکتے ہیں۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 7 تا 7
رنگ و روشنی سے علاج کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔