یہ تحریر 简体中文 (چائینیز) میں بھی دستیاب ہے۔
نماز جنازہ
مکمل کتاب : روحانی نماز
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=6922
کُلُّ نَفْسٍ ذَائقَۃُ الْمَوْتِ کے مصداق ہر شخص کو جو پیدا ہوا ہے وقت مقررہ پر اس عالم اسباب و وسائل سے دوسرے عالم میں جانا ہے۔ مذہب انسانوں کے اوپر ایک دوسرے کے حقوق عائد کرتا ہے۔ آدمی جب مر جاتا ہے تو پس ماندگان کے اوپر بھی مرنے والے کے حقوق عائد ہوتے ہیں۔ اور پہلا حق نماز جنازہ کی صورت میں ادا کیا جاتا ہے۔ یہ نماز میت کے حق میں دعا کی حیثیت رکھتی ہے۔ نماز جنازہ ادا کرنے کا طریقہ یہ ہے:
نیت:
دل میں یا زبان سے کہے کہ چار تکبیر نماز جنازہ، ثناء اللہ کے لئے، درود رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر اور دعا اس میت کے لئے۔
نیت کے بعد پہلی تکبیر کہے اَللّٰہُ اَکْبَرُ
پھر ثناء پڑھے:
سُبْحَانَکَ اَللّٰھُمَّ وَ بِحَمْدِکَ وَ تَبَارَکَ اسْمُکَ وَ تَعَالیٰ
پاک ہے تیری ذات اے اللہ اور تو ہی مستحق تعریف ہے اور تیرا نام بابرکت ہے اور بلند ہے
جَدُّکَ وَجَلَّ ثَنَاءُکَ وَ لَآ اِلٰہَ غَیْرُکَ
تیری شان بزرگی کے ساتھ اور بڑی ہے تیری تعریف اور تیرے سوا کوئی معبود نہیں۔
ثناء پڑھ کر دوسری تکبیر کہے اور نماز والے دونوں درود شریف پڑھے۔ پھر تیسری تکبیر کہے۔
اگر جنازہ بالغ مرد و عورت کا ہو تو یہ دعا پڑھے:
اَللّٰھُمَّ اغْفِرْلِحَیِّنَا وَ مَیِّتِنَا وَ شَاھِدِنَا وَ غَآ ءِبِنَا
اے اللہ! مغفرت فرما ہمارے زندوں کی اور مُردوں کی اور حاضر کی اور غائب کی
وَ صَغِیْرِنَا وَ کَبِیْرِنَا وَ ذَکَرِنَا وَ اُنْثٰنَا اَللّٰھُمَّ مَنْ
اور چھوٹے کی اور بڑے کی اور مرد کی اور عورت کی اے اللہ! تو جس کو
اَحْیَیْتَہٗ مِنَّا فَاَحْیِہٖ عَلَی الْاِسْلَامِ وَ مَنْ تَوَ فَّیْتَہٗ
زندہ رکھنا چاہے ہم میں سے اس کو زندہ رکھ اسلام پر اور جس کو موت دینا چاہے
مِنَّا فَتَوَ فَّہٗ عَلَی الْاِیْمَانِ
ہم میں سے اس کو موت دے ایمان پر۔
اوپر کی دعا پڑھ کر چوتھی تکبیر کہے۔ پھر نماز کی طرح دونوں طرف سلام پھیر دے۔
اگر میت نابالغ کی ہو تو تیسری تکبیر کے بعد اوپر والی دعا نہ پڑھے بلکہ نابالغ لڑکا ہو تو یہ دعا پڑھے:
اَللّٰھُمَّ اجْعَلْہُ لَنَا فَرَ طًا وَّ اجْعَلْہُ لَنَا اَجْرًا وَّ
اے اللہ! اس (بچے) کو ہمارے لئے پیشرو بنا اور اس کو ہمارے لئے اجر بنا اور
ذُخْرًا وَّ اجْعَلْہُ لَنَا شَافِعًا وَّ مُشَفَّعًا
ذخیرہ اور اس کو بنا ایسا سفارش کرنے والا جس کی سفارش قبول کی جائے۔
اگر میت نابالغ لڑکی کی ہو تو یہ دعات پڑھے:
اَللّٰھُمَّ اجْعَلْہُ لَنَا فَرَ طًا وَّ اجْعَلْھَا لَنَا اَجْرًا وَّ
اے اللہ! اس (لڑکی) کو ہمارے لئے پیشرو بنا اور اس کو ہمارے لئے اجر بنا اور
ذُخْرًا وَّ اجْعَلْہُ لَنَا شَافِعَۃً وَّ مُشَفَّعًتہ
ذخیرہ اور اس کو بنا ایسی سفارش کرنے والی جس کی سفارش مقبول ہو۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 157 تا 159
یہ تحریر 简体中文 (چائینیز) میں بھی دستیاب ہے۔
روحانی نماز کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔