یہ تحریر 简体中文 (چائینیز) میں بھی دستیاب ہے۔
اوقات نماز
مکمل کتاب : روحانی نماز
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
مختصر لنک : https://iseek.online/?p=6840
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
إِنَّ ٱلصَّلَوٰةَ كَانَتۡ عَلَى ٱلۡمُؤۡمِنِينَ كِتَـٰبً۬ا مَّوۡقُوتً۬ا (سورہ نساء۔ آیت۱۰۳)
ترجمہ: بے شک نماز مؤمنین پر مقررہ وقت میں فرض ہے۔
چونکہ نماز ادا کرنے کا تعلق اوقات سے ہے، اس لئے اوقات نماز سے واقفیت حاصل کرنا ضروری ہے۔
اگر نماز کے وقت سے پہلے کوئی شخص نماز قائم کرے گا تو نماز نہیں ہو گی۔ اور وہ نماز دوبارہ قائم کرنا ہو گی۔ اسی طرح اگر کوئی شخص وقت گزر جانے کے بعد قائم کرے گا تو وہ نماز قضا ہو جائے گی۔ اس لئے ضروری ہے کہ نماز وقت کی پابندی کے ساتھ ادا کی جائے۔
فجر کی نماز کا وقت صبح صادق سے سورج نکلنے تک ہے۔ سورج کا ذرا سا کنارا بھی نکل آئے تو فجر کا وقت ختم ہو جاتا ہے۔ صبح صادق سورج نکلنے سے تقریباً ڈیڑھ یا پونے دو گھنٹے پہلے ہوتی ہے۔ صبح صادق ہوتے ہی فجر کا وقت شروع ہو جاتا ہے اور صبح صادق ہوتے ہی تہجد کا وقت ختم ہو جاتا ہے۔ فجر کی نماز میں آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم کا معمول تھا کہ صبح صادق کے بعد پہلے دو رکعت سنت گھر میں ادا فرماتے تھے۔ اس کے بعد مسجد میں تشریف لا کر دو رکعت نماز فرض ادا فرماتے تھے۔
ظہر کی نماز کا وقت سورج ڈھلنے کے بعد شروع ہو جاتا ہے۔ اس کی پہچان یہ ہے کہ سورج نکل کر جتنا اونچا ہو گا ہر چیز کا سایہ اتنا ہی گھٹ جائے گا۔ جب سایہ گھٹنا موقوف ہو جائے تو یہ ٹھیک دوپہر کا وقت ہے۔ اس کے بعد جب سایہ بڑھنے لگے تو دن ڈھلنا شروع ہو جاتا ہے، اسی وقت سے ظہر کی نماز کا وقت شروع ہو جاتا ہے۔
عصر کی نماز کا وقت غروب آفتاب سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے پہلے ہو جاتا ہے اور غروب آفتاب تک رہتا ہے۔ جب سورج بہت نیچا ہو جائے اور دھوپ پیلی پڑ جائے تو عصرکی نماز کا وقت مکروہ ہو جاتا ہے۔
سورج غروب ہوتے ہی مغرب کا وقت ہو جاتا ہے۔ آفتاب غروب ہونے کے بعد جب تک مغرب کی طرف آسمان پر سرخی رہے مغرب کا وقت باقی رہتا ہے۔
مغرب کے بعد آسمان پر سرخ شفق نمودار ہوتی ہے۔ اس کے غائب ہونے کے بعد سفیدی باقی رہتی ہے۔ پھر یہ بھی غائب ہو جاتی ہے اور آسمان پوری طرح نظر آنے لگتا ہے اور یہی عشاء کی نماز کا وقت ہے۔ عشاء کی نماز کا وقت صبح صادق سے پہلے تک رہتا ہے مگر آدھی رات کے بعد عشاء کا وقت مکروہ ہو جاتا ہے۔
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 112 تا 114
یہ تحریر 简体中文 (چائینیز) میں بھی دستیاب ہے۔
روحانی نماز کے مضامین :
براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔