یہ تحریر English (انگریزی) میں بھی دستیاب ہے۔

تعارف

مکمل کتاب : بچوں کے محمد ﷺ (جلد اول)

مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی

مختصر لنک : https://iseek.online/?p=31098

پیارے بچو!

اللہ تعالیٰ بہت مہربان اور رحیم و کریم ہیں۔اللہ تعالیٰ نے اس پوری کائنات کو محبت کے ساتھ پیدا کیا ہے۔اللہ ہم سب کے خالق ہیں اور ہم سب اللہ کی مخلوق ہیں۔کائنات میں بے شمار مخلوقات ہیں۔دور تک پھیلا ہوا نیلا آسمان،چاند، ستارے، سورج، بادل،ہوا، کھلی زمین، گہرے سمندر، بہتے دریا، اونچے اونچے پہاڑ، لہلہاتے کھیت، سر سبز و شاداب درخت، مزے دار پھل، اناج، سبزیاں، چرند، پرند، فرشتے، جنات اور انسان سب اللہ کی مخلوق ہیں۔

اس ساری کائنات کو بنانے کا مقصد یہ ہے کہ مخلوق اپنے خالق کو جانے اور پہچانے۔اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے پیغمبروں کا سلسلہ شروع کیا۔ اللہ تعالیٰ نے پیغمبروں کے ذریعہ انسان کو اچھائی اور برائی کے فرق سے آگاہ کیا اور زندگی گزارنے کے آداب سکھائے۔دنیا میں کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر تشریف لائے ہیں۔ حضرت محمد ﷺ  اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور محبوب رسول ہیں۔اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

ترجمہ: یقیناً رسول اللہ ﷺ  تمہارے لیے بہترین مثال ہیں۔

(سورۃ الاحزاب۔۲۱)

حضرت محمد ﷺ کی زندگی ایک کُھلی کتاب ہے زندگی کا کوئی پہلو ایسا نہیں ہے جہاں ہمیں حیات طیبہ ﷺ سے مکمل ہدایت نہ ملتی ہو۔

حضرت محمد ﷺغریبوں کے مدد گار۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔یتیموں کے سر پرست

پریشان حال لوگوں کے لیے سہارا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔یتیموں اور بیواوں کے لیے معاون و مددگار ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ اخلاق میں اعلیٰ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سچائی،محبت اور اخلاص کے پیکر ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ وعدہ پورا کرنے والے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ انصاف کرنے والے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ دوسروں کا حق پورا کرنے والے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ سادگی اور قناعت کا بہترین نمونہ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ بہادری اور شجاعت کے پیکر تھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ حضرت محمد ﷺ سخی تھے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ہر وقت چہرہ پر مسکراہٹ رہتی تھی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ گفتگو میں نرمی اور لطف و کرم ہوتا تھا۔  رحمت و شفقت آپ ﷺ کا وصف تھا۔

پیارے بچو، آپ!

کتاب بچوں کے محمد ﷺ  میں حضرت محمد ﷺ کی زندگی کے مختلف حالات پڑھیں گے۔کتاب بچوں کے محمد ﷺ تین حصوں میں شائع کی جا رہی ہے۔

حصہ اول میں حضرت محمد ﷺ کی پیدائش اور تبلیغ اسلام کے ابتدائی حالات کا تذکرہ ہے۔

حصہ دوئم میں اسلام کی تبلیغ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر ہے۔حضرت محمد ﷺ  مکہ میں رہتے ہوئے دس سال تک تکالیف برداشت کرتے رہے۔پھر اللہ تعالیٰ کے حکم سے آپ ﷺ نے مکہ سے مدینہ منورہ ہجرت فرمائی۔

حصہ سوئم میں بتایا گیا ہے کہ مدینہ میں آپ ﷺ  اور مسلمانوں کو کن کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور حضرت محمد ﷺ  نے مشکل حالات میں تعلیم، صحت، روزگار، اور رہن سہن جیسے مسائل کو فہم و فراست اور مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ کس طرح حل فرمایا۔

پیارے بچو!

دنیا میں جتنے بھی پیغمبر علیہم السلام تشریف لائے سب کی کوشش اور طرز فکر یہ تھی کہ اللہ تعالیٰ  کے ساتھ ہمارا رشتہ قائم رہے۔یہی روحانی طرز فکر ہے اور اور یہی رشتہ پوری کائنات کی رگ جان ہے۔

توحید کے راستے میں رکاوٹوں کودور کرنے کے لیے حضرت محمد ﷺ کی ساری زندگی پریشانیوں اور ذہنی اذیتوں میں گزر گئی اور آخرکار حضرت محمد ﷺ  اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچانے میں کامیاب و کامران ہوئے۔وہ اللہ تعالیٰ سے راضی ہوئے اور اللہ تعالیٰ ان سے راضی ہو گیا۔

سیدنا حضور اکرم  ﷺ کی سیرت کو بار بار پڑھنے سے ہمارے اندر مسلسل آگے بڑھنے کا حوصلہ پیدا ہوتا ہے اور اللہ کے محبوب کی طرز فکر ہمارے اندر منتقل  ہو جاتی ہے۔

خواجہ شمس الدین عظیمی

۲۷ جنوری ۲۰۰۹ء

یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب میں ان صفحات (یا صفحہ) پر ملاحظہ فرمائیں: 1 تا 4

سارے دکھاو ↓

براہِ مہربانی اپنی رائے سے مطلع کریں۔

    Your Name (required)

    Your Email (required)

    Subject (required)

    Category

    Your Message (required)